اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے جمعہ کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام قصور کیمپ کا دورہ کیا ۔وفاقی وزیر نے کیمپ میں خواتین کو پیسوں کی ترسیل کا جائزہ لیا،تمام کائونٹرز کو چیک اورخواتین کو درپیش مسائل دریافت کئے ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنا پارٹی قائد محمد نواز شریف اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا عزم ہے، حکومت عام آدمی کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے اور ملک سے غربت کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت مہنگائی میں کمی اور معیشت میں استحکام آیا ہے ، وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ سوچ کے نتیجہ میں پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہو چکا ہے ، معاشی اشاریے مثبت اور دنیا پاکستان کی معیشت کی معترف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فراڈ کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج ہورہے ہیں،بے نظیر انکم سپورٹ ٹیم سے بات کروں گا کہ دی جانے والی رقم کی ایک فیگر کردیں۔
وفاقی وزیر نے کیمپ میں موجود خواتین کے بیٹھنے کیلئے مناسب سہولیات کو دیکھ کر اطمینان کا اظہار کیا اور انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔یہ دورہ گزشتہ روز اسلام آباد میں وفاقی وزیر کے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹر کے دورے کا تسلسل تھا، جہاں انہیں چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد اور سیکرٹری عامر علی احمد نے ادارے کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی تھی۔
وفاقی وزیر نے خواتین کی با اختیاری، شفافیت اور ڈیٹا پر مبنی اصلاحات پر زور دیا۔ انہوں نے PMT 32 سے کم سکور والے مستحق افراد کی فوری رجسٹریشن، صوبائی پولیس کے ساتھ رابطے سے فراڈ کی روک تھام اور سرپرائز انسپکشنز کی ہدایت دی۔ انہوں نے تربیت یافتہ خواتین کی ملازمت سے متعلق ڈیٹا گیپ پر تشویش ظاہر کی اور ہنر مند افرادی قوت کی برآمد کے لیے جرمنی جیسے ممالک سے ایم او یوز کی تجویز دی۔ صوبوں کی نمائندگی، بلوچستان میں اقدامات اور نئے ادائیگی نظام کی افادیت پر بھی استفسار کیا۔ سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد نے بتایا کہ چیئرپرسن کی جانب سے اگلے بورڈ میں صوبائی نمائندگی کی تجویز دی گئی ہے۔
بلوچستان کے لیے مخصوص اقدامات، سٹیٹ بینک اور گیٹس فائونڈیشن کے تعاون سے ڈائریکٹ بینک اکائونٹ پیمنٹس کا پائلٹ اور موبائل وینز و ایس ایم ایس پر مبنی مہمات کی تفصیل بھی فراہم کی۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو بے نظیر تعلیم وظیفہ، نشوونما، ہنرمند پروگرام اور بجٹ کے موثر استعمال کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر نے بی آئی ایس پی کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا اور مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی۔