اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرتعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت کی موثر اقتصادی پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، حکومت سنبھالی تو ملکی معیشت زبوں حالی کا شکارتھی، غیرمستحکم ملکی معیشت کی وجہ سے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا، پی ٹی آئی حکومت نے نوجوانوں کی فنی تربیت کیلئے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کیا،50ہزار نوجوانوںکو آئی ٹی کے جدید شعبوں میں تربیت فراہم کی جارہی ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو ایوان صدر اسلام آباد میں لاہور چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اچیومنٹ ایوارڈ2021 کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی بھی ملک کی معیشت کا انحصار کاروبار کی بہتری پر ہوتا ہے، تین سال پہلے پاکستان تحریک انصاف نے جب حکومت سنبھالی ملکی زرمبادلہ کے ذخائر نہ ہونے کے برابر تھے، قرض خواہ دروازے پر تھے اور20 ارب کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ تھا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس صورتحال میں حکومت کو دوست ملکوں کے پاس جانا پڑا، وزیراعظم عمران خان کے وژن پر عمل کرتے ہوئے ملکی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے تین سال میں حکومت کو بہت سارے معاملات میں کامیابی ملی ہے، کورونا کی صورتحال کے باعث اگرچہ مشکلات پیش آئیں لیکن اس کے باوجود حکومت ملکی معیشت کی بہتری کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے4 فیصد شرح نموکا ہدف حاصل کیا، سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے،
ترسیلات زر میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکائونٹ خسارہ میں بھی خاطر خواہ کمی ہوئی ہے، برآمدات 25.3 ارب تک پہنچ گئی ہیںجبکہ ایف بی آر نے 4700 ارب روپے کے ٹیکس محصولات جمع کئے ہیں،کورونا وبا کے باوجود کاروبار60 فیصد بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی اور ٹیکسٹائل انڈسٹری مثبت سمت میں آگے بڑھی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کو ملکی معیشت کی بہتری کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت بھی ملکی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے،
اس مقصد کیلئے 10 ارب روپے کی لاگت سے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت50 ہزار نوجوانوں کو مختلف ہنر سکھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ہنر سکھا کر نوجوانوں کو ایک لاکھ 20 ہزار سرٹیفکیٹس دیں گے، سکل ڈویلپمنٹ پروگرام ایکریڈیڈڈ بنا دیا گیا ہے۔ شفقت محمود نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد مختلف ہنر سیکھنے والے نوجوانوں کی اسناد کو ملکی سطح کے علاوہ بیرونی دنیا میں بھی قابل تسلیم بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے تجارت اور انڈسٹری کوبھی فائدہ ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے نتیجہ میں کاروباری برادری کوبھی فائدہ ہو گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری نظریں کاروباری طبقہ کی کامیابی پر مرکوز ہیں۔ تقریب سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں طارق مصباح نے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ایوان صدر میں تقریب کے انعقاد کی اجازت دینے پر ان سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک کے تاجروں کی بڑی تنظیم ہے، تاجر برادری ملک کی معاشی ترقی اور ٹیکس کی ادائیگی کیلئے اپنا فعال کردار ادا کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی قدرتی آفت میں بھی پیش پیش رہتے ہیں۔ تقریب سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر طاہر منظور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت نے لاہور چیمبر کے ساتھ ورکنگ ریلیشن کو پروان چڑھایا ہے جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔
تقریب کے اختتام پر مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں مہمان خصوصی وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ شفقت محمود نے انعامات تقسیم کئے۔ ایوان صنعت و تجارت لاہور کے سابق صدور میاں مصباح الرحمن اور طاہر جاوید کو خصوصی ایوارڈز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کو لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔