حکومت کی پرندوں اور ہوائی جہاز کے تصادم کے خطرے کو کم کرنے کیلئے عوام سے قربانی کے جانوروں کی باقیات محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کی اپیل

194
حکومت کی پرندوں اور ہوائی جہاز کے تصادم کے خطرے کو کم کرنے کیلئے عوام سے قربانی کے جانوروں کی باقیات محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کی اپیل

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):حکومت نے موبائل فونز پر ایک آگاہی پیغام میں عوام سے درخواست کی ہے کہ ہوائی اڈوں کے آس پاس کے رہائشی علاقوں میں قربانی کے جانوروں کی باقیات کو مخصوص جگہوں پر محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کو یقینی بنائیں جو پرندوں اور ہوائی جہاز کے تصادم کے خطرے کو کم کرنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے میں مدد فراہم کرے گا۔

اتوار کو جاری کئے گئے آگاہی پیغام کے مطابق عوام سے درخواست کی جاتی ہے کہ ہوائی اڈوں کے ارد گرد کے علاقوں میں گندگی پھینکنے سے گریز کریں کیونکہ اس سے جانوروں اور پرندوں اکٹھے ہو جاتے ہیں جو ہوائی جہاز سے ٹکرا سکتے ہیں اور سنگین سانحہ کا باعث بن سکتے ہیں۔

قوم پر زور دیا گیا ہے کہ وہ قربانی کے جانوروں کی باقیات کی مناسب تلفی کے ذریعے صفائی اور ذمہ داری کے ساتھ عیدالاضحیٰ منائیں۔پرندے طیاروں سے ٹکرا سکتے ہیں اور انہیں تباہ کر سکتے ہیں، جس سے قیمتی جانوں اور املاک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے ۔

پیغام میں عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ قربانی کے جانوروں کی باقیات کو مخصوص جگہوں پر پھینک دیں یا انہیں زمین میں دفن کر دیں اور اپنے اردگرد کے ماحول کی صفائی کو یقینی بنائیں۔ مزید کہا گیا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ کسی بھی جانور کی لاش ملنے کی صورت میں بیس حکام اور میونسپل انتظامیہ کو مطلع کریں تاکہ کسی بھی خطرے سے بچنے کے لیے اس کا بروقت انتظام کیا جا سکے۔