اسلام آباد ۔19مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاہے کہ معیشت کی بہتری کے لیے وزیراعظم دن رات کوشاں ہیں ،حکومت کی پوری توجہ معیشت کو درست کرنے پر مرکوز ہے ، عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے کوشاں ہیں ،حکومت نے میثاق معیشت کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو پیشکش کی ہے ،اپنی سیاست کو نقصان پہنچا کر ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا ،پنجاب میں مریم نواز عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔
ان خیالات کا اظہاروفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے منگل کو رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور محمد حنیف عباسی کے ہمراہ یہاں اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہ قائد محمد نواز شریف کی راہنمائی میں ملک کو بحران سے نکالیں گے ،حکومت کی پوری توجہ معیشت کو درست کرنے پر مرکوز ہے ،پرائس کنٹرول نظام کو فعال کرنے کی ضرورت ہے ،صوبوں کے ساتھ مل کر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کریں گے ، عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے کوشاں ہیں ۔