اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ نظام کے اندر کوئی مسئلہ نہیں ہے، اپوزیشن کے ساتھ حکومت کی کوئی ذاتی دشمن نہیں ہے، اپوزیشن اپنے بدعنوان قائدین کے کیسز سے ہٹ کر ملکی معاملات پر بات کرنا چاہتی ہے تو ہم اس کے ساتھ بات کرنے کیلئے تیار ہیں، اگر یہ لوٹی ہوئی قومی دولت اور ذاتی فوائد لینے کی بات کریں گے تو یہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور حکومت میں ممکن نہیں ہے، بات اب حکومت کی نہیں رہی، ملکی بقاءتک پہنچ گئی ہے۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایاز صادق کے بیان سے دشمن کو شادیانے بجانے کا موقع ملا، ذاتی مفاد کیلئے پاکستان کی کامیابی کو ناکامی قرار دینے کی کوشش کی گئی، ان کے بیان سے ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچا جبکہ دشمن کے بیانیے کو تقویت ملی ہے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ نواز شریف کو اپنی بیٹی کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے تھا، وہ جعلی میڈیکل رپورٹس پر بیرون ملک گئے، نواز شریف کو اجازت دینے کی مخالفت کی تھی، اب وہ لندن میں بیٹھ کر پاکستان میں انقلاب لانے کی باتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز اپنی سیاست بچانے کیلئے قومی اداروں کو نشانہ بنا رہی ہیں، جب بھی ان کی چوری پکڑی جاتی ہے تو یہ اداروں پر وار کرنا شروع کر دیتے ہیں، ان کے ریاست مخالف بیانیے کی وجہ لیگی رہنما جماعت چھوڑ رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کسی کو وزیر بنائیں یا ہٹائیں ان کی مرضی ہے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی پہلی تقریر میں کہا تھا کہ جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اقتدار میں آئے گی تو یہ لوگ اکٹھے ہو جائیں گے اور آج یہ لوگ ذاتی مفادات اور چوری بچانے کیلئے جمع ہوئے ہیں، ان کے جلسوں سے کچھ نہیں ہو گا۔