حکومت کے بروقت اور مؤثر اقدامات سے دنیا کے ہراہم فورم پر مسئلہ کشمیر کو پذیرائی حاصل ہوئی ، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

101

اسلام آباد ۔ 18 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان اقلیتوں کے بغیر مکمل نہیں ہوتا، میڈیا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو مؤثر انداز سے اجاگر کر رہا ہے، پاکستانی میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جس نے 5 اگست کے واقعہ کے بعد دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا، دنیا گلوبل ویلج بن چکی ہے جس میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے، وزیراعظم عمران خان اور حکومت پاکستان کے بروقت اور مؤثر اقدامات سے دنیا کے ہراہم فورم پر مسئلہ کشمیر کو خاصی پذیرائی حاصل ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر پر قومی پارلیمانی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ او آئی سی اور سیکورٹی کونسل سمیت دنیا کے اہم فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بھر پور انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان ادھورا ہے، مسئلہ کشمیر پاکستانیوں کیلئے کامن کاز بن چکا ہے، ہر پاکستانی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام حکومتوں کا کشمیر کے حوالے سے ایک ہی منشور تھا کہ پاکستان اپنے اصولی موقف پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے اور موجودہ حکومت قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ دنیا پاکستان کی بات سن رہی ہے اوربھارت کو ہر جگہ رسوائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام عالم پاکستان کے موقف کی حمایت کر رہی ہیں اور بھارتی موقف مسترد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں وزیراعظم عمران خان کی تقریر قوم کے جذبوں کی ترجمانی کرے گی۔ وزیراعظم ہر فورم پر پاکستان کی پارلیمنٹ کے موقف کو بھرانداز میں اٹھائیں گے۔