اسلام آباد ۔ 23 دسمبر (اے پی پی) وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے فیصلوں کے ثمرات ملنا شروع ہو گئے ہیں اور حکومتی فیصلوں کے بعد اقتصادی اعشاریے بہتر ہو رہے ہیں۔ اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال میں جولائی تا اکتوبر کے دوران نجی شعبہ کو 360 ارب روپے کے قرضے جاری کئے گئے ہیں جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران شعبہ کو فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 110 ارب روپے تھا۔ انہوں نے کہا کہ جاری مالی سال میں جولائی تا نومبر کے دوران زرعی شعبہ کو جاری قرضوں کی شرح میں 36 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور زرعی شعبہ کو 212 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے گئے ہیں جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران زرعی شعبہ کو 156 ارب روپے کے قرضے جاری کئے گئے تھے۔