اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت کے معیشت کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں ،حکومت کمرشل یوٹیلی بلز میں ریلیف کیلئے فوری اقدامات اٹھائے ،معیشت کے حوالے سے وسیع تجربہ رکھنے والے ہارون اختر خان کی معاون خصوصی کے طور پر وفاقی کابینہ میں شمولیت خوش آئند ہے ۔
اتوار کو اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ موجودہ حکومت کامعیشت کو ڈیفالٹ کے دہانے سے واپس استحکام پر لانا قابل ستائش ہے ،امیدہے کہ یہ تسلسل بر قرار رہے گا اور اس کے اثرات عوام تک بھی منتقل ہوں گے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ تاجروں کو ریلیف دیاجائے ، کمرشل یوٹیلٹی پر ٹیکسز کی تعداد انتہائی زیادہ ہے جسے کم کرنے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے ہارون اختر خان کی بطور معاون خصوصی وفاقی کابینہ میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہارون اختر خان مسلم لیگ(ن) کے دور حکومت میں پہلے بھی بطور معاون خصوصی کام کر چکے ہیں اور اس دور میں پہلی دفعہ ٹیکس محصولات میں دو گنا اضافہ ہوا تھا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ہارون اختر خان تاجر طبقے کو ریلیف دینے کے لئے حکومت کو بہترین تجاویز دیں گے۔