حکومت کے ٹھوس وبروقت اقدامات سے پاکستان میں کورونا سے کم سے کم جانی نقصان ہوا ، میا ں فرخ حبیب

49

فیصل آباد۔11مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات میا ں فرخ حبیب نے کہا کہ کورونا وبا کے پھیلائو کو روکنے کےلئے حکومت کے ٹھوس و بروقت اقدامات سے پاکستان میں کم سے کم جانی نقصان ہوا ، عوام کے بھرپور تعاون سے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں تاہم کورونا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر عوام کا مزید تعاون انتہائی ضروری ہے ،شہری بے خوف ہو کر ویکسی نیشن کرائیں اور عید الفطر کے موقع پر حکومت کے طے کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد بھی یقینی بنائیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جون، جولائی تک دو کروڑ لوگوں کوکورونا سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین لگا دی جائیگی ، اس وقت 40 سال تک اور اس سے زائد عمر کے شہریوں کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویکسین کیلئے شیڈول کے مطابق متعلقہ افراد بروقت ویکسین لگوائیں تاکہ بعدازاں انہیں کسی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ ویکسین کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہااور عوام کو معیاری و مکمل محفوظ ویکسین لگائی جارہی ہے لہٰذا عوام سے اپیل ہے کہ وہ بروقت ویکسین لگوانے کیلئے خود کو جلد از جلد رجسٹرڈ کروائیں۔ انہو ں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے کم سے کم وقت میں سو فیصد عوام کی ویکسی نیشن کرنا حکومت کا ٹارگٹ ہے ۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ عید پر بہت زیادہ احتیاط کا مظاہرہ کریں تاکہ کورونا کے حوالے سے کسی مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔