اسلام آباد ۔ 28 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایات پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی نگرانی میں وزارت اطلاعات و نشریات نے وزیراعظم 100روزہ ایجنڈے کے تحت ریاستی میڈیا پر غیر اعلانیہ سنسر شپ ختم، پاک یونیورسٹی آف میڈیا سائنسز کے منصوبے کی تیاری، اطلاعات تک رسائی کےلئے انفارمیشن کمیشن کا قیام،پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان میں براڈ کاسٹنگ کی بہتری اور ادارہ جاتی اصلاحات،اے پی پی کو جدید ڈیجیٹیل نیوز سروس میں منتقلی، شفاف پالیسی کے ذریعے میرٹ پر پی آئی ڈی کے ذریعے اشتہارات کے اجراءکی پالیسی کی تیاری اور پی ٹی وی کی ایچ ڈی پر منتقلی کی کوششوں سمیت دیگر اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ وزارت اطلاعات و نشریات کے حکام نے”اے پی پی“ کو بتایا کہ موجودہ حکومت کے پہلے 100دنوں میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی نگرانی میں پہلی مرتبہ وزارت اطلاعات و نشریات نے ریاستی میڈیا جس میں پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی)، پاکستان براڈ کاسٹنگ (ریڈیو پاکستان )، ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان(اے پی پی) شامل ہیں، پر غیر اعلانیہ سنسرشپ ختم کرکے اپوزیشن کو بھی مساوی کوریج دینے کو یقینی بنایا گیا ہے،گذشتہ حکومتوں کی نسبت موجودہ دور حکومت میں ریاستی میڈیا کو تمام سیاسی جماعتوں، سیاسی قیادت کو پرائیویٹ میڈیا کی طرح کوریج دی جاری ہے جبکہ پاکستان ٹیلی ویژن اکیڈمی، ریڈیو پاکستان اکیڈمی اور انفارمیشن سروسز اکیڈمی کو اکٹھا کر کے پاک یونیورسٹی آف میڈیا سائنسز کے منصوبے کی تیاری پر کام تیزی سے جاری ہے، پاک یونیورسٹی آف میڈیا سائنسز کے دو مرکزی شعبے ہوںگے جس میں ایک شعبہ ماس کمیونیکشن کے طلباءکو میڈیا کے جدید رجحانات کے حوالے تعلیم دی جائے گی جبکہ دوسرا شعبہ انجنیئرنگ سے متعلق ہوگا کیونکہ 1960ءمیں پاکستان خود ٹرانسمیٹر تیار کرنے والا ملک تھا لیکن اس کے بعد اس پر توجہ نہیں دی گئی، وزارت اطلاعات و نشریات انجینئرنگ کے شعبے میں دوبارہ جدت لانے کی خواہاں ہے۔