حکومت کے پہلے 100 دنوں میں واضح تبدیلی آئی ہے، سردار محمد یوسف

160

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):سابق وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ سود کے خاتمے اور قرآن و سنت کا نظام لائے بغیر معیشت بہتر نہیں ہو سکتی۔ ہفتہ کو قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال 2024-25 کے وفاقی بجٹ ہر بحث میں حصہ لیتے ہوئے مسلم لیگ (ن )کے رکن قومی اسمبلی سردار محمد یوسف نے کہا کہ معیشت کو اسلامی بنانے کے لیے سود سےچھٹکارے کے لیے مل بیٹھ کر سوچ بچار کر کے فیصلہ کریں تو انشاءاللہ اس کا حل نکل آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ بجٹ میں جو فیصلے کیے گئے ہیں اس سے حالات بہتر ہوں گے۔تنخواہ دار طبقے پر جہاں ٹیکس میں ردو بدل کیا گیا ہے وہاں ان کی تنخواہوں میں 25 فیصد تک اضافہ بھی کیا گیا ہے پیٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتیں کم ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے پہلے 100 دنوں میں واضح تبدیلی آئی ہے، اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی آئی ہے ،انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سپیڈ کے ساتھ جو کارکردگی دکھائی ہے وہ قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختون خوا میں مسلسل ایک پارٹی کی 11 سال سے حکومت قائم ہے مگر وہاں پر غیر منصفانہ اقدامات سے حالات ٹھیک نہیں ہو رہے۔صوبہ خیبر پختون خواہ کے وزیراعلی نے اپنے حلف کی پاسداری نہیں کی۔ سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلی ٰکو جلسوں میں دھمکیاں نہیں دینی چاہیے یہ انہیں زیب نہیں دیتا۔