اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات شوکت ترین نے کہا ہے کہ حکومت احساس پروگرام کے ڈیٹا کے تحت مستحق لوگوں کو آٹے، چینی، گھی اور دالوں کیلئے کیش سبسڈی فراہم کرے گی جس سے ساڑھے 12 ملین مستحق خاندان مستفید ہوں گے، حکومت اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر قابو پانے اور ناجائز منافع خوری کے سلسلے کو روکنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، 8 سے 10 زرعی اجناس پر ری انجنیئرنگ کروا رہے جس کی مدد سے زیادہ منافع کمانے والوں کو پکڑ لیں گے۔
اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو مہنگائی کی وجہ سے عوام کی مشکلات کا احساس ہے، ہم غریب لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھا رہے ہیں، اسی سلسلے میں حکومت نے غریب لوگوں کو آٹے، چینی، گھی اور دالوں کیلئے کیش سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
شوکت ترین نے کہا کہ حکومت نے گھی کے اوپر ٹیکسز کم کر دیئے ہیں جس سے گھی کی قیمت پر 50 روپے فی کلو فرق پڑے گا، اسی طرح آٹے کی ریلیز قیمت 1950 روپے کر دی ہے جس سے آٹے کے تھیلے پر 100 سے 120 روپے تک فرق پڑے گا جبکہ حکومت چینی کے اوپر بھی 25 سے 30 فیصد سبسڈی دے گی۔
انہوں نے کہا کہ پرائس مجسٹریٹس ختم ہونے سے مادر پدر آزاد ہو گئے ہیں، کسان کو 7 سے 8 روپے فی کلو پیاز کی قیمت دی جا رہی ہے جبکہ مارکیٹ میں پیاز 40 سے 50 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے، 8 سے 10 چیزوں کی ری انجنیئرنگ کروا رہے ہیں جس سے زیادہ منافع کمانے والوں کو پکڑ لیں گے، میں نے وزیراعظم عمران خان کو دوبارہ پرائس کمیٹیاں اور پرائس مجسٹریٹس لانے کا مشورہ دیا ہے۔