"حکومت گندم اور پٹرولیم مصنوعات کی وافر فراہمی یقینی بنائے گی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری برداشت نہیں کی جائے گی، احد چیمہ”
حکومت گندم اور پٹرولیم مصنوعات کی وافر فراہمی یقینی بنائے گی، وفاقی وزیر احد چیمہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت گندم اور پٹرولیم مصنوعات کی وافر فراہمی یقینی بنائے گی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
یہ بات انہوں نے جمعرات کو ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ملک میں گندم کی مجموعی صورتحال، طلب و رسد اور دستیاب ذخائر کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، سیکرٹری قومی غذائی تحفظ عامر علی احمد، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ، مشیر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا مزمل اسلم، وزیر خوراک سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔جمعرات کو وزارت اقتصادی امور ڈویژن سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس کے دوران گندم کی پیداوار، موجودہ ذخائر اور ملک بھر میں طلب و رسد کی صورتحال کا جامع جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹریز نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ اس وقت ان کے متعلقہ صوبوں میں گندم کی طلب و رسد کی صورتحال معمول کے مطابق ہے تاہم مستقبل کی ضروریات اور بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے وفاقی حکومت سے اضافی گندم کی ضرورت پیش آ سکتی ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا کہ وفاقی حکومت پاسکو کے ذخائر سے صوبوں کی گندم کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہرممکن کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام اور کسانوں کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے ملک بھر میں گندم کی مسلسل دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ گندم سے متعلق ہر فیصلہ مقامی پیداوار، مارکیٹ کی صورتحال اور کسانوں کی فلاح کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ آئندہ بوائی کے موسم سے قبل مارکیٹ میں گندم کی مناسب دستیابی یقینی بنانے کے لیے ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت پیدا کرنے کی ہر کوشش پر کڑی نظر رکھی جائے۔وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے اجلاس کو بتایا کہ پاسکو صوبائی حکومتوں کو گندم کے موثر انتظام اور فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہرممکن تعاون فراہم کرے گا۔گندم سے متعلق اجلاس کے اختتام پر وفاقی وزیر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ باہمی رابطہ مضبوط رکھا جائے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ بروقت فیصلوں کے ذریعے غذائی تحفظ، مارکیٹ میں استحکام اور کسانوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا گیا اور بعض آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کی جانب سے ایندھن کی ذخیرہ اندوزی سے متعلق خدشات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین اوگرا نبیل احمد اعوان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ملک میں ایندھن کی فراہمی اور متعلقہ اداروں کی کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر احد چیمہ اور سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ نے تمام صوبائی چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ ایسے پٹرول پمپس اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے خلاف فوری اور موثر کارروائی کی جائے جو ایندھن کی ذخیرہ اندوزی یا موجودہ علاقائی صورتحال سے ناجائز منافع کمانے کی کوشش میں ملوث ہوں۔صوبائی چیف سیکریٹریز نے یقین دہانی کرائی کہ ان کی متعلقہ انتظامیہ اوگرا کے نامزد حکام کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی تاکہ ذخیرہ اندوزی کا خاتمہ کیا جا سکے اور ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔وفاقی وزیر احد چیمہ نے حکومت کے توانائی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور ملک میں ایندھن کی کسی قسم کی کمی نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کسی بھی آئل مارکیٹنگ کمپنی یا پٹرول پمپ کو مصنوعی قلت پیدا کر کے ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جائز کاروبار میں رکاوٹ ڈالنے کی خواہاں نہیں تاہم ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری یا ضروری اشیاء کی فراہمی میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔








