حکومت گندم کی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے کنٹرول روم کے قیام سمیت گوداموں پر ٹریکر لگانے کا منصوبہ بنا رہی ہے، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر

68
عمران خان ملک کے بدترین مالی خسارے کا ذمہ دار ، حکومت الگ الگ الیکشن کا مطالبہ قبول نہیں کرے گی،وزیر تجارت سید نوید قمر

اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ حکومت گندم کی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے کنٹرول روم کے قیام سمیت گوداموں پر ٹریکر لگانے کا منصوبہ بنا رہی ہے، جون تک سرکاری گندم کی خریداری کا کام مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد اگر ضرورت پڑی تو باہر سے گندم منگوانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران طاہرہ اورنگزیب کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا کہ ماضی میں غیر معیاری گندم درآمد کی جاتی رہی ہے مگر اب جو درآمد کی جارہی ہے وہ ایک معیار کے مطابق درآمد کی جارہی ہے۔

اب غیر معیاری گندم کا پاکستان میں آنا مشکل ہے۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے ایک ضمنی سوال کے جواب میں وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا کہ ہم نے اپنے پچھلے دور حکومت میں گندم کے کاشتکاروں کو مراعات دیں جس کی وجہ سے گندم میں ہم خودکفیل تھے۔ مگر گزشتہ چند سالوں میں کھادیں بروقت اور مہنگی ملنے، پانی کی کمی سمیت دیگر وجوہات کی وجہ سے فصل کم ہو رہی ہے۔

جون تک سرکاری گندم کی خریداری کا کام مکمل کرلیا جائے گا اس کے بعد باہر سے گندم منگوانے کا کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے گندم کی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کی ہے۔ ہم گندم کے گوداموں پر ٹریکرز لگانے اور گندم کی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے کنٹرول رومز بھی بنانے کا سوچ رہے ہیں۔ سائرہ بانو کے ضمنی سوال کے جواب میں سید نوید قمر نے کہا کہ گندم کے گوداموں کو چوہوں سے بچانے کے لئے بھی کام ہو رہا ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ کم سے کم گندم باہر سے منگوائیں۔