اسلام آباد ۔ 25 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت ہر وقت عوام کے لئے سوچتی ہے، ملک و قوم کی فلاح و بہبود اور ان کی بہتری ہی ہمارا مقصد ہے، وزیراعظم عمران خان نے کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے جامع قومی حکمت عملی کا اعلان کیا ہے،کھربوں روپے کا پیکیج عمران خان کے اپنی قوم اور غریب عوام کے لئے احساس کی جھلک ہے، وزیراعظم نے معاشرے کے تمام طبقات کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدام اٹھایا ہے، معاشی حقائق اور قوم کو درپیش مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ ایک انتہائی بہترین پیکیج ہے۔ بدھ کو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مزدور طبقے کے لئے 200 ارب اور معاشرے کے انتہائی غریب افراد کے لئے 150 ارب کی رقم رکھی گئی ہے، برآمد کنندگان کو 100 ارب روپے کا فوری ریفنڈ دینے سے برآمد کنندگان کی مدد ہوگی اور اس سے ملکی معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے، چھوٹی بڑی صنعتوں اور زراعت کے لئے 100 ارب سے پیداواری صلاحیت بڑھانے میں مدد ملے گی، یوٹیلٹی سٹورز کے لئے 50 ارب روپے کی رقم کا مقصد عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی صورتحال کے لئے100 ارب اور گندم کی سرکاری خریداری کے لئے 280 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات پر15روپے فی لیٹرکم کر دیئے ہیں، ان تمام اقدامات سے واضح ہوتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت ہر وقت عوام کے لئے سوچتی ہے، ملک و قوم کی فلاح و بہبود اور ان کی بہتری ہی ہمارا مقصد ہے۔