حکومت یاسین ملک کی نظر بندی کو عالمی سطح پر ہر فورم پر اٹھائے،مشعال حسین ملک

75
مشعال ملک
انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے کے اصول ہماری مذہبی، ثقافتی، سماجی اور سیاسی اقدار میں پیوست ہیں،مشعال ملک

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے کہاہے کہ پاکستان کی حکومت حریت کانفرنس کے سینئر رہنما یاسین ملک کی نظر بندی کو عالمی سطح پر ہر فورم پر اٹھائے ،نریندر مودی کی فاشسٹ حکومت تحریک آزادی کشمیر کی سب سے طاقتور آواز کو خاموش کرنے پر تلی ہوئی ہے، جناح ہائوس لاہور کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اسیرکشمیری رہنما کی اہلیہ نے کہاکہ بھارتی فاشسٹ حکومت کی جانب سے یاسین ملک کی جان کو خطرہ ہے کیونکہ بھارت کی اعلیٰ انسداد دہشت گردی کی تحقیقاتی ایجنسی نے ایک بار پھر یاسین ملک کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما یاسین ملک کو 25 مئی 2022 کو کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے آواز اٹھانے کے جرم میں ایک من گھڑت اور سیاسی بنیادوں پربننے والے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔مشعال حسین ملک نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے مطالبہ کیا کہ وہ یاسین ملک کا کیس عالمی رہنمائوں اور اقوام متحدہ کے متعلقہ فورمز اور انسانی حقوق کی تنظیموں میں اٹھائیں تاکہ ان کی جان کی حفاظت کی جا سکے۔

حریت رہنما نے کہا کہ ان کے شوہر کی جان کو شدید خطرہ ہے کیونکہ بھارتی حکام ان کی وفاداری نہیں خرید سکتے اور اب انہیں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے سب سے مقبول رہنما کو خاموش کرنے کے لیے پھانسی دینے کا سہارا لیا گیا ہے، وقت آ گیا ہے کہ پاکستانی حکومت نہ صرف ان کی جان بچانے کے لیے فعال کردار ادا کرے بلکہ ان کی غیر قانونی حراست سے رہائی کو یقینی بنانے کے لیے بھارتی حکومت پر زیادہ سے زیادہ دبائو ڈالے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس طرح کے اقدامات سے بہادر کشمیریوں کو کبھی خاموش نہیں کیا جاسکتا، یاسین کوئی عام لیڈر نہیں ہے اور اگر اسے کچھ ہوا تو پورا خطہ جنگ کی لپیٹ میں آجائے گا جس کی ذمہ دار بھارت کی بدنام زمانہ فسطائی حکومت ہوگی۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام بھارتی غلامی کے طوق کو توڑنے اور تشدد کی حوصلہ شکنی کے لیے پرامن جدوجہد کر رہے ہیں تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر سزائے موت کو منظور کر لیا گیا تو صورت حال قابو سے باہر ہو سکتی ہے ،

بھارتی حکام کو نہ صرف عمر قید کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے بلکہ اسے رہا کرنا چاہیے کیونکہ یاسین ملک جعلی اور من گھڑت مقدمات میں قید ہے۔مشعال نے کہاکہ اقوام متحدہ ، عالمی طاقتیں اور انسانی حقوق کی تنظیمیں یاسین ملک کی زندگی کے تحفظ کے لیے آواز اٹھائیں اور ان کی جیل سے رہائی کو یقینی بنائیں جنہیں صحت کی تیزی سے بگڑتی ہوئی حالت کے باوجود ڈیتھ سیل میں ڈال دیا گیا ہے۔قبل ازیں مشعال حسین ملک نے جناح ہائوس کا دورہ کیا اور کشمیریوں کی جانب سے پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکیا کیا۔انہوں نے 9 مئی 2023 کو جناح ہائوس لاہور پر بلوائیوں کے حملے کی شدید مذمت کی۔