ننکانہ صاحب/ اسلام آباد۔ 21 اگست (اے پی پی)وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہد ری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ حکومت 2018 ءتک بجلی اور گیس کی کمی پرمکمل قابو پالے گی ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلع شیخوپورہ کی تحصیل صفدر آباد میں سوئی گیس کی فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ 2013 ءمیں جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت محمدنواز شریف کی قیادت میں برسر اقتدار آئی تو اس وقت ملک بے پناہ مسائل کا شکار تھا بارہ سے سولہ گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ اور سوئی گیس کا غائب رہنا زندگی کا معمول بن چکا تھا۔انڈسٹری کی پیداوار ختم ہو چکی تھی ۔انہوںنے کہا کہ تین سال کے قلیل عرصے میں حکومت نے تمام بڑے چیلنجز پر بڑی مہارت سے قابو پالیا ہے اور آج لوڈشیڈنگ کا دورانیہ صرف چھ گھنٹے تک محدود ہو کر رہ گیا ہے ۔