حکو مت عوامی مسائل کے حل کیلئے دن رات کوشاں ہے ، اسحاق ڈار

150
Deputy Prime Minister
Deputy Prime Minister

لاہور۔24اگست (اے پی پی):نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد سحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے دن رات کوشاں ہے،9 مئی کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ہفتہ کے روز حضرت داتا گنج بخش مزار کے احاطے میں مسجد نبوی ۖکی طرز کی چھتریوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب و میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ محمد نواز شریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن اورایٹمی طاقت بنایا، معیشت کو چلانا سوئچ آن یا آف کرنے جیسا نہیں،وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت ملک میں مہنگائی کم ہو رہی ہے ، بجلی کے مسائل جلد حل کرکے عوام کو ریلیف دیں گے۔

اسحاق ڈار نے مزیدکہا کہ اللہ کے فضل سے دہشت گردی کا جلد خاتمہ ہو جائے گا، قومی سلامتی اور اداروں پر حملہ ہماری ریڈ لائن ہے ،اگر کسی نے ریڈ لائن عبور کرنے کی کوشش کی تو اس کی یہاں کوئی گنجائش نہیں ۔9 مئی واقعات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ قانون اپنا راستہ بنا رہا ہے، 9 مئی کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔