پشاور۔ 18 اپریل (اے پی پی):پیدائشی سماعت سے محروم بچوں کےلئے بڑی خوشخبری پاکستان حیات آ باد میڈیکل کمپلیکس پشاور کی ای این ٹی ٹیم نےپاکستان بیت المال کے تعاون سے کوکلیئر امپلانٹ پروگرام کا کامیاب آغاز کر دیا ہے۔تر جمان ایچ ایم سی کے مطابق ہسپتال میں کوکلیئر امپلانٹ سرجریز کے کامیاب انعقاد ان تھک محنت کا نتیجہ ہے، خاص طور پر ان کوششوں کو مختلف ڈونر پروگرامز کی جانب سے پہچان اور حمایت بھی حاصل ہوئی ہے۔ اس کامیابی میں ایچ ایم سی کے میڈیکل ڈائریکٹرپروفیسر ڈاکٹر شہزاد اکبر کی جانب سے فراہم کردہ مسلسل تعاون اور حوصلہ افزائی نے کلیدی کردار ادا کیا، جس کے بغیر یہ پیش رفت ممکن نہ ہوتی۔واضح رہے کہ 6ماہ سے لے کر 5سال تک کے بچوں کی کو کلئیر امپلانٹ سرجریز کی جارہی ہیں۔ جس پر کل لاگت تقریبا 21لاکھ 50 ہزار تک ہے جو کہ اب بیت المال کے علاوہ بزریعہ صحت کارڈ بھی کی جائیگی۔سینئر ماہرین کی زیرِ نگرانی، ای این ٹی ٹیم نے حال ہی میں دو روزہ کوکلیئر امپلانٹ میراتھن کا انعقاد کیا، جس میں نو کامیاب سرجریز کی گئیں۔ یہ کامیابی شعبے کی ترقی میں ایک اہم پیشرفت کی نمائندگی کرتی ہے اور مریضوں کی دیکھ بھال کو بہتر بنانے کے لیے ٹیم کی لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ایچ ایم سی کی ٹیم کوکلیئر امپلانٹ پروگرام کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ خیبر پختونخوا کے ضرورت مند اور مستحق مریضوں کو مستقبل میں مزید سہولت فراہم کی جا سکے۔ یہ اقدام زیادہ افراد کے لئے قوت سماعت کی بحالی کے انقلابی عمل تک رسائی فراہم کریگا۔ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے ایچ ایم سی کی ای این ٹی ٹیم کی اجتماعی کوششوں اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ جن کی محنت اور استقامت نے اس پروگرام کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ان کی لگن قابلِ تعریف ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583926