حیدرآباد،ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ کی جانب سے فینکس ہائیر سیکنڈری سکول قاسم آباد میں ورکشاپ کا انعقاد

166

حیدرآباد۔ 15 جنوری (اے پی پی):ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ حیدرآباد عبدالوہاب میمن کی جانب سے صوبائی محتسب کے ادارے کے ذریعے حکومت کے صوبائی محکموں سے انصاف حاصل کرنے اور صوبائی اداروں میں بدعنوانی کی نشاندہی اور اس کا ازالہ کرنے کے متعلق عوام میں آگاہی فراہم کرنے کے لیے ریجن کے مختلف اضلاع کے کالجزاور دیگر تدریسی اداروں میں آئوٹ ریچ ورکشاپس کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے، اس سلسلے میں فینکس ہائیر سیکنڈری اسکول قاسم آباد حیدرآباد میں ایک ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا- ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ حیدرآباد عبدالوہاب میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آئوٹ ریچ ورکشاپ کا مقصد طالبعلموں اور عوام الناس کو محتسب اعلیٰ سندھ کے ادارے کے تعارف، شکایت کے اندارج ،

سماعت اور شکایت کے ازالے کے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہنگائی کے دور میں بغیر کسی وکیل اور بلامعاوضہ انصاف کی فراہمی اور شکایت کا ازالہ کیا جاتا ہے صرف اور صرف ایک شکایتی درخواست دینے پرصوبائی سرکاری محکمے ،بدعنوان سرکاری افسران یا ملازم کی جانب سے شکایت کنندہ سے ہونے والی ناانصافی کاازالہ کیاجاتاہے۔ ورکشاپ میں ڈی جی وفاقی محتسب اعلیٰ حیدرآباد ڈاکٹر رضوان احمد نے کہا کہ جس طرح سرکاری صوبائی محکموں کی شکایت کا ازالہ کرنے کے لیے صوبائی محتسب کا ادارہ ہے اسی طرح وفاقی سرکاری اداروں سے متعلق شکایات اور عوام سے ہونے والی ناانصافی کا ازالہ کرنے کے لیے وفاقی محتسب کا ادارہ بھی اپنے فرائض بخوبی انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی اور وفاقی محتسب کے ادارے ظلم اور ناانصافیوں کے خاتمے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انصاف ہی آپ کوایک ذمہ دارشہری بناتا ہے اورانصاف سے ہی ترقیافتہ معاشرہ وجود میں آتا ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حیدرآباد عبدالخالق نے کہا کہ بلامعاوضہ انصاف حاصل کرنے کے لیے صوبائی و وفاقی محتسب کے ادارے اپنا بھرپورکردار اد اکررہے ہیں لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ لوگوں میں ان اداروں کے متعلق آگاہی فراہم کی جائے۔ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ رجسٹرار محتسب آفس سانگھڑ غلام مرتضیٰ میمن نے کہا کہ جہاں بھی کسی سرکاری ملازم یا افسر کی جانب سے آپ سے کسی بھی قسم کی ناانصافی کی جاتی ہے تو یہ ادارہ آپ کو انصاف دلوائے گا۔ اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ حیدرآبادسندھ کو طالبعلموں نے اپنے کالج میں لائبریری، فرنیچر، اساتذہ اور دیگر مسائل سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے مسائل ادارے کو تحریری طور پردیں جوبھی کام ہماری ذمہ داری میں آتے ہیں

ان کے تدارک کے لیے ادارہ بھرپور تعاون کرے گا۔ ورکشاپ میں ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکول حیدرآباد ڈویژن سید نوید شاہ ،صدر روٹری کلب حیدرآبادڈاکٹر سرفراز قریشی، ایچ ایم فینیکس لا کالج حیدرآباد ڈاکٹر نجیب احمد نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔