حیدرآباد۔ 12 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے خوراک عبدالجبار خان اور ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آصف علی جان کی خصوصی ہدایات پر سندھ فوڈ اتھارٹی حیدرآباد کی ٹیم نے بدین سٹاپ کے قریب واقع ایک آئس فیکٹری اور دودھ کی دکان پر اچانک چھاپہ مارا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر فدا حسین کھوسو کی سربراہی میں کی جانے والی اس کارروائی کے دوران ٹیم نے فیکٹری میں منجمد کیے گئے دودھ کے نمونوں کا معائنہ کیا۔ لیبارٹری ٹیسٹ کے دوران دودھ میں یوریا اور بورک ایسڈ کی آمیزش پائی گئی جبکہ صفائی ستھرائی کا معیار بھی انتہائی ناقص تھا۔
ماہرین کے مطابق دودھ میں شامل یہ کیمیکل انسانی صحت کے لیے سخت نقصان دہ ہیں۔ سندھ فوڈ اتھارٹی نے موقع پر ہی مضر صحت دودھ کو تلف کر دیا اور متعلقہ فیکٹری و دکان کے ذمہ داروں پر 50 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر فدا حسین کھوسو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خوراک کی تیاری، ذخیرہ اندوزی یا فروخت کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت یا خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔