حیدرآباد میں یوم عاشور انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا، وزیراعلیٰ نے آئی جی سندھ کے ہمراہ سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

169

حیدرآباد۔ 29 جولائی (اے پی پی):ملک بھر کی طرح حیدرآباد میں بھی حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے یوم عاشور انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا، شہر بھر کے مختلف علاقوں سے ذوالجناح، ماتم، علم و تعزیوں کے جلوس برآمد ہوئے، جبکہ مرکزی جلوس قدم گاہ مولاعلی سے برآمد ہوکر اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا پولیس اور رینجرز کی سخت سکیورٹی میں کربلا دادن شاہ میں اختتام پذیر ہوا۔

شہر میں جگہ جگہ ٹھنڈے پانی اور مشروبات کی سبیلیں اور زخمی عزاداروں کے علاج کے لئے طبی کیمپیں لگائی گئی تھیں، یوم عاشورکے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن کے ہمراہ حیدرآباد پہنچے اور مرکزی جلوس میں شرکت کے کئے گئے انتظامات دیکھے۔ پولیس ترجمان کے مطابق اس موقع پر ایس ایس پی حیدرآباد ساجد امیر سدوزئی نے وزیراعلیٰ اور آئی جی سندھ کو جلوس کی گذرگاہوں کا دورہ کروایا اور انہیں سکیورٹی امور پر بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ سندھ اور آئی جی پولیس نے کنٹرول روم کا معائنہ کیا جہاں اے ایس پی علینہ راجپر نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جلوس کی سکیورٹی کے حوالے سے انہیں اگاہی دی۔ سید مراد علی شاہ نے شہر کا فضائی دورہ کرکے بھی سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔