حیدرآباد۔ 08 اپریل (اے پی پی):حیدرآباد کی سیری پولیس نے کامیاب کارروائی کے دوران نوجوان کو بےدردی سے قتل کرنے والے ملزمان کو آلہ قتل سمیت گرفتارکرکے رکشہ برآمدکرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سیری پولیس تھانہ حدود پہاڑیوں کی طرف سے 34 سالہ شخص کی تشدد زدہ لاش لاوارث حالت میں ملی جس کو تحویل میں لیکر سیری پولیس نے مزید کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کیا،
پولیس نے اس اندھے قتل کے مقدمہ کی تفتیش کا آغاز کردیا اور اس کیس کے متعلق شواہد اکھٹے کرکے پیشرفت کی جس کے نتیجے میں قتل کی واردات میں ملوث مرکزی ملزم انور عرف راجا ماچھی کو گرفتار کرلیا گیا۔
گرفتار ملزم کے قبضے سے قتل کے وقت پہنے ہوئے خون آلودہ کپڑے اور آلہ قتل برآمد ہوا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر اس قتل کی واردات کا اعتراف کیا جس کی نشاندہی پر اس کے ساتھ ملوث ملزم وزیر ماچھی کو گرفتار کرلیا گیا
جبکہ ملزمان کی مدد کرنے اور مجرم کی سہولتکاری کرنے پر انکے ساتھی رمضان عرف رمون ماچھی اور اسکے بیٹے کو حراست میں لے لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے دوران تفتیش مقتول کے زیر استعمال رکشہ برآمد کرلیا گیا۔