حیدر آباد۔25جنوری (اے پی پی):انگلینڈ کی ٹیم بھارت کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز کے حیدرآباد میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ کی اپنی پہلی اننگز میں 246 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، میزبان بھارت نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک ایک وکٹ کے نقصان پر 119 رنز بنالئے اور اس کو مہمان برطانوی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے مزید127 رنز کی ضرورت ہے۔انگلینڈ کی طرف سے کپتان بین سٹوکس پہلی اننگز میں 70 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ بھارت کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے راویندرا جدیجہ اور روی چندرن ایشون نے تین، تین جبکہ جسپریت بمراہ اور اکشر پٹیل نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
جمعرات کو حیدر آباد میں شروع ہونے والے پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں مہمان برطانوی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم بھارتی بائولر راویندرا جدیجہ اور روی چندرن ایشون کی عمدہ بائولنگ کی بدولت مہمان برطانوی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 246 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی، بین ڈکٹ 35،اولی پوپ 1،زیک کرولی 20،جونی بائرسٹو37،جو رئوٹ 29،بین فوکس 4،ریحان احمد 13،اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے ٹام ہارٹلی 23،مارک ووڈ 11 اور کپتان بین سٹوکس انگلینڈ کے آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی 70 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے ، جیک لیچ بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آئوٹ رہے۔
یوں برطانوی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 246 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔بھارت کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے راویندرا جدیجہ اور روی چندرن ایشون نے تین، تین جبکہ جسپریت بمراہ اور اکشر پٹیل نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ انگلینڈ ٹیم کی پہلی اننگز 246 رنز کے جواب میں بھارت کی طرف سے یشسوی جیسوال اور کپتان روہت شرما نے اننگز کا آغاز شاندار انداز میں کیا دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پہلی وکٹ پر قیمتی 80 رنز بنے تاہم روہت شرما 24 رنز بناکر جیک لیچ کی گیند پر بین سٹوکس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔میچ کے پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو بھارت نے انگلینڈ کی پہلی اننگز کے سکور 246 رنز کے جواب میں ایک وکٹ کے نقصان پر 119 رنز بنالئے تھے اور اس کو انگلینڈ کی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے مزید 127 رنز کی ضرورت تھی۔ یشسوی جیسوال 76 اور شبھمان گل14 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔ انگلینڈ کی طرف سے جیک لیچ نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔