حیسکو نے میر پور خاص کو لوڈ شیڈنگ فری زون بنانے کی تیاری شروع کردی

147
Hesco

حیدرآباد۔ 20 ستمبر (اے پی پی):حیسکو نے میر پور خاص کو لوڈ شیڈنگ فری زون بنانے کی تیاری شروع کردی ہے ،وفاقی سکریٹری توانائی راشد محمود لنگڑیال کی ہدایت پرحیسکو کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز جمیل احمد شیخ کی سربراہی میں بی او ڈی کے رکن شبیر احمد سولنگی، چیف ایگزیکٹیوآفیسر مظفر علی عباسی اور ایس ای میرپور خاص منظور علی مگسی نے کمشنرمیرپور خاص فیصل احمد عقیلی سے بجلی چوروں کے خلاف جاری مہم کے سلسلے میں ملاقات کی ،حیسکو چیف مظفر علی عباسی نے بتایا کہ 15اکتوبرسے میرپور خاص شہر کو لوڈشیڈنگ فری زون قرار دیا جائے گا ۔

اس سلسلے میں حیسکو انتظامیہ نے ضلعی انتظامیہ سے میرپور خاص شہر میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے ، بجلی چوری کی روکتھام، بجلی کے بلز کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنانے کی درخواست اور یہ بتا یا کہ حیسکو کی جانب سے میرپور خاص میں بجلی کے مسائل کے حل کے لئے کسٹمر سینٹرز، ون ونڈو کیئر سینٹر اور موبائل ونڈو کیئر سینٹر بھی قائم ہوں گے ۔میرپور خاص شہر میں بجلی کے بلز کی ادائیگی 60فیصد اور لائن لاسسز40فیصد ہے جبکہ عمرکوٹ، مٹھی، کنری، اور ڈگری میں بجلی کے بل کی ادائیگی95فیصد ہے جس پر ضلعی انتظامیہ نے اپنی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر مظفر علی عباسی نے کہا کہ وفاقی سکریٹری توانائی کی ہدایت پر میرپور خاص شہر کے تمام فیڈرز کامکمل سروے، بجلی چوری کا سوفیصدخاتمہ اوربقایاجات کی سوفیصد وصولی کرانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں جس میں ایس اینڈ آئی، ایم اینڈ ٹی، میراڈ، کنسٹرکشن، جی ایس او اور آپریشن کے افسران اور عملہ شامل ہوگا، جویہ تمام کام مکمل کر کے10اکتوبر تک کارکردگی کی رپورٹ جمع کرائیں گے میرپور خاص شہر کے 15فیڈرز ہیں جن کو کام مکمل ہونے اور کارکردگی کی بنیاد پر لوڈشیڈنگ فری زون قرار دیا جا سکے گا۔

میٹنگ میں چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر حیسکو شیخ جمیل گل، ممبر شبیر سولنگی، سپرنٹنڈنٹ انجینئرحیسکو میرپورخاص منظور علی مگسی، ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود، مئیر عبدالرؤف غوری، میونسپل کمشنر رفیق سیھڑ، اسٹنٹ کمشنر میرپورخاص غلام حسین کانیہو موجود تھے۔