حیسکو چیف کی سندھ سمال انڈسٹریز کی صنعتوں کو ایکسپریس فیڈر پر شفٹ کر کے لوڈ شیڈنگ فری پاور سپلائی شروع کرنے کی ہدایت

175

حیدرآباد۔ 06 جنوری (اے پی پی):حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو)کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر بشیر احمد نے کہ ہے کہ صارفین سٹیک ہولڈر ہیں، ایمانداری اور دیانتداری کے کلچر کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہون نے حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے پر تاجروں و صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے تاجروں و صنعتکاروں کے مسائل سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ایس ڈی او ز سے روزانہ کی بنیاد پر آن لائن بریفنگ لی جا رہی ہے تاکہ صارفین کے مسائل بر وقت حل کئے جائیں، صنعت معاشی بیک بون ہے، حیدرآباد چیمبر کے صدر عدیل صدیقی کی کاوشوں کو سراہتے ہیں کہ وہ سندھ حکومت سے سندھ سمال انڈسٹریز کو ایکسپریس فیڈر پر شفٹ کرنے کی پرمشن لے کر آئے ہیں،

انہوں نے متعلقہ چیف انجینئرز کو ہدایت کی کہ تین روز میں سندھ سمال انڈسٹریز کی صنعتوں کو ایکسپریس فیڈر پر شفٹ کر کے لوڈ شیڈنگ فری پاور سپلائی شروع کردی جائے ، حیدرآباد چیمبر کے لئے دو سو ٹرانسفارمر مختص کر رہے ہیں جو کہ صدر عدیل صدیقی کی سفار ش پر شہر کے تجارتی مراکز اور انڈسٹریل ایریاز میں مرحلہ وار لگائیں گے، چالیس فیڈر کی تقسیم کے حوالے سے سی ای او نے متعلقہ افسران کو ہدایات کی کہ فیڈر کی تقسیم کی تجاویز دیکھیں اور ان پر موسم گرما سے قبل کام مکمل کر لیا جائے، بوسیدہ کیبل، ٹرانسفارمر کی مرمت اور تبدیلی کے کام بروقت مکمل کر لئے جائیں،

ڈٹیکشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جائز شکایات پر صارفین کو ریلیف دیں گے اور متنازعہ بلنگ کی شکایات کے فیصلوں کے لئے حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عدیل صدیقی اور حیسکو افسران پر مشتمل ڈسپیوٹ ریزالو کمیٹی قائم کی جا رہی ہے جو کہ صارفین کی شکایات پر فیصلہ کرے گی، کنڈا کلچر کے خاتمے کے لئے بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ حیدرآباد چیمبر کے صدر عدیل صدیقی نے کہا کے حیسکو ریکوری میں تاجر برادری آپ کے ساتھ کھڑی ہے، تاجر برادری کے اجتماعی مسائل کا حل ضروری ہے، ہم چاہتے ہیں کہ گریڈ کی تقسیم کر کے انڈسٹریل ایریا اورکمرشل مارکیٹوں کو لو ڈشیڈنگ فری پاور سپلائی دی جائے،

سندھ سمال انڈسٹریز کی صنعتوں کو ایکسپریس فیڈر پر شفٹ کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی مگر ا س پر بھی عمل نہیں ہوا، حیدرآباد چیمبر نے سندھ حکومت اور انرجی ڈویژن سے سندھ سمال انڈسٹریز کو ایکسپریس فیڈر سے پاور سپلائی کی اجازت حاصل کرلی ہے، آپ فو ری طور پر سندھ سمال انڈسٹری کی صنعتوں کے لوڈ کو ایکسپریس فیڈر پر شفٹ کریں، بوسیدہ کیبل اور ٹرانسفارمر کی تبدیلی اور مرمت کے کام بھی ترجیحی بنیادوں پر کرنے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں سرپرست اعلیٰ محمد اکرام راجپوت، سرپرست اقبال حسین بیگ، سینئر نائب صدر نجم الدین قریشی، حیسکو سب کمیٹی کے چیئرمین محمد اکبر خان درانی و دیگر موجود تھے۔