حیدرآباد۔ 14 مارچ (اے پی پی):چیف ایگزیکٹوآفیسر حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو )انجنیئربشیر احمدکی زیر نگرانی جاری انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 434 کنکشن پکڑے گئے،جن میں سے 414 کے خلاف مختلف تھانوں پر ایف آء آر درج کرانے لیٹر جمع کرادئے گئے ہیں جس میں 36 ایف آئی آر درج ہوچکی ہیں۔
پکڑے جانے والے کنکشنز میں 7 کمرشل اور427 گھریلو تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے انکو1 لاکھ 94 ہزار41 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 54 لاکھ 70 ہزار 628 روپے ہے۔ 190روز سے جاری آپریشن کے دوران کل11 ارب 78 کروڑ 55 لاکھ سے زائد کی ریکوری کی جا چکی ہے 43392 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔
ترجمان حیسکو کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انسداد بجلی چوری مہم کے دوران اب تک200 ملزمان کو گرفتار کیا گیا،1ملازم کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا، 3 ملازمین کو بھی گرفتار کیا گیا، 41 ملازمین کو معطل کردیا گیا، مجموعی طور36761 کنکشن کیخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے 4192 درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔
بجلی چوروں کو اب تک 2 کروڑ 40 لاکھ سے زائد یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 74 کروڑ 40 لاکھ سے زائد ہے۔ واضح رہے بجلی چوروں کیخلاف آپریشنز وفاقی پاور ڈویژن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کیئے جا رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئربشیر احمد بذاتِ خود ان آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔