خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کا آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز کا دورہ

115
First Lady Asifa Bhutto Zardari
First Lady Asifa Bhutto Zardari

راولپنڈی /اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز کا دورہ کیا۔ جمعرات کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران خاتون اول کو پروفیسر ڈاکٹر پین شیانگ بن کی سربراہی میں چینی ماہرین ِامراض قلب کی ٹیم نے بریفنگ دی۔ اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زئے ڈونگ اور کمانڈنٹ آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز میجر جنرل نصیر احمد سامور بھی موجود تھے۔

خاتون اول کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں الٹراسائونڈ رہنمائی کے تحت دل کی پیدائشی اور ساخت سے متعلق بیماریوں کا جدید طبی طریقہ کار سے چینی تعاون سے پہلی بار علاج کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر چینی سفیر نے کہا کہ چین امراض قلب کی جدید طبی خدمات کا دائرہ بلوچستان تک بھی بڑھائے گا، چین پاکستانی ڈاکٹروں کو امراض قلب کے جدید طریقہ علاج بارے تربیتی مواقع بھی فراہم کرے گا۔

چینی سفیر نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ صحت کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھائے گا۔ خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے شعبہ صحت میں تعاون پر چینی حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دل کے مریضوں کو جدید ترین علاج فراہم کرنے پر آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی انتظامیہ کو بھی سراہا۔

خاتون اول نے اے ایف آئی سی میں مختلف وارڈز کا دورہ کیا، مریضوں سے بات چیت کی اور انہیں پھول پیش کئے۔ آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے کمانڈنٹ نے خاتون اول کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔