لاہور۔15ستمبر (اے پی پی):خاتون اول بشریٰ بی بی نے بدھ کے روز پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ لاہور کا دورہ کیا۔خاتون اول نے اس موقع پر ایمرجنسی وارڈ سمیت ہسپتال کے دیگر شعبوں کا دورہ کیا اور وہاں پر ذہنی امراض میں مبتلا مریضوں کو دی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا اور مریضوں کی عیادت بھی کی۔ہسپتال انتظامیہ نے خاتون اول کو مریضوں کو دی جانیوالی سہولیات کے متعلق بریفنگ دی۔
اس موقع پر خاتون اول نے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر اشرف سے مریضوں کو دی جانیوالی سہولیات اور کھانے پینے کی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔خاتون اول نے ہسپتال میں بنائے گئے کچن کا بھی دورہ کیا اور مریضوں کو دیئے جانیوالے کھانے کے معیار کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کے ساتھ ساتھ کھانے کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔
انہوں نے انسٹی ٹیوٹ کو مزید سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ سے دریافت کیا کہ کیا انسٹی ٹیوٹ میں دی جانیوالی سہولیات سے مریض مطمئن ہیں اور آپ کس طرح سے اس کو مزید بہتر بنا سکتے ہیں ۔اس حوالے سے انہوں نے انتظامیہ کو ہدایات دیں کہ مریضوں کو بہتر سہولیات دینے کے حوالے سے تحریری طور پر اپنی تجاویز فراہم کریں۔
ہسپتال کی انتظامیہ نے خاتون اول کو بتایا کہ مریضوں کو ناشتہ،دوپہر کاکھانا،پھل،شام کی چائے،رات کا کھانا اور دیگر نیوٹریشنز دی جاتی ہیں تا کہ ان کی ذہنی صحت کو مستحکم بنایا جا سکے ۔ہسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ آئندہ سال جون سے قبل ہسپتال میں شروع کئے گئے منصوبے جن میں بلڈنگز کی تعمیر سمیت دیگر منصوبہ جات شامل ہیں، مکمل کرلئے جائینگے۔
انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کوڈرگز کے عادی مریضوں کی بحالی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔خاتون اول نے ہسپتال میں ذہنی مریضوں کیلئے قائم کئے گئے مختلف بلاکس کا بھی دورہ کیا اور وہاں انہیں دی جانیوالی علاج معالجہ کی سہولیات کی مکمل معلومات حاصل کیں۔اس موقع پر انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں پودا بھی لگایا۔