خاتون اول بشری عمران کا شیخ ابوالحسن شازلی صوفی ازم ،سائنس وٹیکنالوجی ریسرچ سینٹرکا افتتاح

71
خاتون اول بشری عمران کا شیخ ابوالحسن شازلی صوفی ازم ،سائنس وٹیکنالوجی ریسرچ سینٹرکا افتتاح

لاہور29مئی (اے پی پی):خاتون اول بشری عمران نے شیخ ابوالحسن شازلی صوفی ازم ،سائنس وٹیکنالوجی ریسرچ سینٹر لاہو ر کاافتتاح کر دیا،ریسرچ سینٹر میں ویب پورٹل اور انٹر نیٹ پیج کی لانچنگ تقریب میں شرکت اور ای لائبریری کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پرریسرچ سینٹر اور مختلف اداروں کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

ہفتہ کے روز پنجاب کے پہلے ابوالحسن شازلی صوفی ازم ،سائنس وٹیکنالوجی ریسرچ سینٹر لاہو ر کی افتتاحی تقریب میں خاتون اول بشری عمران نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خاتون اول نے ریسرچ سینٹر میں قائم ای لائبریری کا افتتاح بھی کیاجہاں انہیں نادر کتب کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

خاتون اول نے ریسرچ سینٹر کے مختلف شعبوں کا جائزہ بھی لیا۔ اس موقع پر ریسرچ سینٹر اور وزارت امور نوجوانان کے ما بین تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ۔لاہور کالج فاروومن یونیورسٹی ،گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور ،جامعہ نعیمیہ و اوقاف ریسرچ سینٹر اور سپورٹس ڈویژن سینٹر کے نمائندے بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس پنجاب فواد ہاشم نے کہا کہ سوشل سائنسز کا معاشرے کے خدو خال کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ہے ایسے سینٹرز کے قیام سے صوفی ازم کو سمجھنے مدد ملے گی۔اس موقع پر سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب ندیم محبوب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سینٹرز مذہبی،سائنسی علوم کا جدید ترین تحقیقی مرکز ہوگا،نامور ملکی و غیر ملکی تعلیمی ،تحقیقی اور مذہبی ادارے اس سے منسلک ہونگے۔تحقیق کو تعلیم کا لازمی حصہ بنانے اور نوجوانوں میں تحقیقی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ریسرچ سینٹرز کا دائرہ کار پنجاب بھر میں بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس سینٹر سے خصوصی افراد اور بے سہارا بچوں کیلئے خصوصی تعلیمی وتحقیقی سہولیات میسر ہونگی،پنجاب کے مختلف اضلاع میں قائم لائبریزکو اس ریسرچ سینٹر سے منسلک کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس سینٹر میں 3ہزار سے زائد فیزیکل کتابیں اور 13کروڑ ای بکس کے علاوہ 15کروڑ ای تھیسز اور 78عالمی ای جنرلز کی سہولیات میسر ہیں۔ ای لائبریری کے مطالعہ کے شوقین طلبا و طالبات کو گھر بیٹھے ہزاروں کتب تک رسائی ہو گی۔

اس موقع پر لاہور کالج فاروومن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر بشری مرزا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریسرچ سینٹر سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں مدد ملے گی،خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے یہ سینٹر سود مند ثابت ہوگا۔اس سے ہمیں تعلیم و روزگار ملنے کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے اسلاف کے ورثہ کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ خاتون اول کے تعلیم دوست اقدامات سے معاشرے میں بہتری آئے گی۔تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی خاتون اول بشری عمران کو سوینر پیش کیا گیا۔