
اسلام آباد ۔ 19 نومبر (اے پی پی) خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا ہے کہ یتیموں کو تعلیم کی سہولیات اورہمدردانہ ماحول کی فراہمی کے ذریعے ان کا خیال ر کھنے سے معاشرے میں مثبت اقدار کی عکاسی ہوتی ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں منعقدہ محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محفل میلاد میں پیغمبراسلام حضرت محمدﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں یتمیوں کی دیکھ بھال کے موضوع کو خصوصی طور پر اہمیت دی گئی۔ ملکی تاریخ میں پہلی بارایوان صدر میں عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں منعقدہ اس محفل میلاد میں پاکستان سویٹ ہومز، انجمن فیض الاسلام اور ایس اوایس ویلج میں زیرکفالت یتیم بچوں کومہمانان خصوصی کے طورپر مدعو کیا گیا۔ محفل میلاد میں خواتین وزراءو اراکین پارلیمان اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان کی بیگمات نے شرکت کی۔ خاتون اول نے اپنے خطاب میں کہاکہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں یتیموں کے ساتھ رحم دلی اورنیکی کرنے کے اس جہاں اورآخرت میں عظیم ثواب ہے۔