
کراچی۔ 26 جنوری (اے پی پی) خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے ہفتہ کو پاکستان بیت المال کا دورہ کیا اور وہاں پر سیمینار میں شرکت کی۔ پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عون عباس بپی نے بیت المال اور معزور افراد کو درپیش مشکلات کے بارے میں انہیں آگاہ کیا۔خاتون اول نے تقریب کے شرکاء سے خطاب بھی کیا اور انھوں نے کہا کہ ادارہ کا انتظام انتہائی خوش اسلوبی سے چلایا جا رہا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ میں اسلام آباد میں قائم سویٹ ہومز گئی تھی اور ایس او ایس کا بھی دورہ کیا۔ پاکستان بیت المال میں اچھا کام ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ پاکستان میں معزور افراد کے لیے سہولیات کی کمی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر ہم بیرون ملک کا دورہ کریں تو وہاں معزور افراد کو مہیا کی گئی سہولیات دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔ خاتون اول نے معزور افراد کے لیے ویل چیئر اور ان کی مالی مدد کے لیے چیک بھی تقسیم کیے۔ انھوں نے بیت المال کے ہاسٹل اور کلاسوں کا دورہ بھی کیا۔ ہاسٹل کے بچوں نے فوجی پریڈ اور کراٹے کا پروگرام بھی پیش کیا۔ انہوں نے بچوں کی کارکردگی کو سراہا ۔ اس کے بعد خاتون اول نے ہاسٹل کے میس کا دورہ کیا اور وہاں بچوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا بھی کھایا۔