خاتون اول و رکن قومی اسمبلی بی بی آصفہ بھٹو زرداری اور سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کورنگی میں سینٹر فار آٹزم ری ہیبلیٹیشن اینڈ ٹریننگ (C-ARTS) میں پاکستان کے پہلے خصوصی آٹزم رہائشی مرکز اور پاکستان کے پہلے جامع (Inclusive) پارک کا افتتاح کر دیا۔
خاتون اول نے کورنگی کراچی میں سینٹر فار آٹزم ری ہیبلیٹیشن اینڈ ٹریننگ میں خصوصی آٹزم رہائشی مرکز اور جامع پارک کا افتتاح کر دیا

مزید خبریں
کراچی۔10اگست (اے پی پی):خاتون اول و رکن قومی اسمبلی بی بی آصفہ بھٹو زرداری اور سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کورنگی میں سینٹر فار آٹزم ری ہیبلیٹیشن اینڈ ٹریننگ (C-ARTS) میں پاکستان کے پہلے خصوصی آٹزم رہائشی مرکز اور پاکستان کے پہلے جامع (Inclusive) پارک کا افتتاح کر دیا۔ یہ اقدام آٹزم کا شکار افراد کے لیے معاونت اور سہولیات کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق 2018 میں قائم ہونے والا C-ARTS پاکستان کا پہلا ایسا آٹزم مرکز ہے جہاں آٹزم کا شکار بچوں کے لیے تشخیص، بحالی، تعلیم، ہنر مندی کی تربیت اور روزگار کے لیے معاونت ایک ہی چھت تلے فراہم کی جاتی ہے۔ C-ARTS کے کراچی میں چار مراکز جبکہ حیدرآباد، گمبٹ، سکھر، لاڑکانہ اور شہید بینظیرآباد میں بھی مراکز قائم ہیں جہاں مفت سہولیات، ٹرانسپورٹ اور وظائف فراہم کیے جاتے ہیں۔ مرکز میں والدین کی تربیت کے پروگرامز کے ساتھ ساتھ ایک پیشہ ورانہ تربیتی مرکز بھی قائم ہے۔
بریفنگ کے دوران خاتون اول کو بتایا گیا کہ نئے افتتاح کیے گئے رہائشی مرکز میں جامع نگہداشت، عارضی آرام (Respite) کی سہولیات، بحالی، تربیت اور طویل مدتی معاونت ایک محفوظ اور جامع ماحول میں فراہم کی جائے گی۔خاتون اول کو C-ARTS کی خدمات کو ڈیجیٹل بنانے کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کے پہلے مرحلے کے تحت C-ARTS رجسٹریشن پورٹل فعال کر دیا گیا ہے جس کا مقصد بتدریج کاغذی نظام سے پاک طریقہ کار کی جانب پیش رفت کرنا اور ہر بچے کا ایک واحد ڈیجیٹل ریکارڈ برقرار رکھنا ہے۔
خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خصوصی افراد کو بااختیار بنانے، جامع تعلیم کے دائرہ کار کو وسعت دینے اور اس بات کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا کہ ہر بچے کو مواقع، عزت نفس اور ضروری معاونت تک رسائی حاصل ہو۔








