خاتون محتسب نبیلہ حاکم خان نے یونیورسٹی آف گجرات کو ایک لاکھ روپیہ جرمانہ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

97

لاہور۔18اکتوبر (اے پی پی):خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم خان نے یونیورسٹی آف گجرات کو ایک لاکھ روپیہ جرمانہ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔کام کی جگہ پر ہراسگی سے تحفظ اور خواتین کے جائیداد میں حق کے قانون 2021 کے تحت یونیورسٹی آف گجرات کو یہ جرمانہ ہراسمنٹ کمیٹی نہ بنانے اور ہراسمنٹ کوڈ آف کنڈکٹ آویزاں نہ کرنے پر کیا گیا۔خاتون محتسب کا کہنا تھا کہ تمام سرکاری، نیم سرکاری اور پرائیویٹ اداروں میں ہراسمنٹ انکوائری کمیٹی کا ہونا ضروری ہے۔

قانون کے مطابق ادارے پابند ہیں کہ وہ اردو اور انگریزی یا کسی بھی زبان میں جو وہاں کے لوگ پڑھنا جانتے ہوں ،میں قانون کا مسودہ کسی مناسب جگہ پر آویزاں کریں تاکہ ادارہ میں موجود ہر فرد باآسانی اس کو پڑھ سکے۔ انہوں نے بتایا کہ قانون کی دونوں شقوں پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں خاتون محتسب پنجاب ادارے کو 50 ہزار سے ایک لاکھ تک کا جرمانہ کرنے کا مجاز ہے۔ نوٹیفکیشن میں یونیورسٹی آف گجرات کو سات دن کے اندر یہ جرمانہ ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سات دن کے اندر جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں یونیورسٹی آف گجرات کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔