29.4 C
Islamabad
جمعرات, مئی 29, 2025
ہومقومی خبریںخادمِ حرمین شریفین پروگرام کے تحت 30 پاکستانیوں کو حج کی خصوصی...

خادمِ حرمین شریفین پروگرام کے تحت 30 پاکستانیوں کو حج کی خصوصی دعوت

- Advertisement -

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):سعودی عرب نے اسلامی اخوت اور روایتی مہمان نوازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 30 پاکستانیوں کو رواں برس بطورِ مہمانِ خصوصی حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے مدعو کیا ہے، یہ اقدام خادمِ حرمین شریفین مہمان حج پروگرام کے تحت کیا گیا ہے۔منگل کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق اس سلسلے میں سعودی سفارتخانے نے اسلام آباد میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا جہاں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے منتخب پاکستانی عازمین کو سفری دستاویزات، ویزے اور احرام فراہم کیے۔

تقریب میں منتخب مہمانانِ حج اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔یہ پروگرام سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی خصوصی ہدایت پر ترتیب دیا گیا ہے جس کے تحت اسلامی سال 1446ھ میں دنیا بھر کے 100 سے زائد ممالک سے 1,300 مرد و خواتین کو حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کی نگرانی سعودی وزارتِ اسلامی امور، دعوت و ارشاد کر رہی ہے اور اس کا مقصد عالمِ اسلام میں اتحاد و یگانگت کو فروغ دینا اور سعودی عرب کی میزبانی کا مظاہرہ کرنا ہے۔

- Advertisement -

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی سفیر نے کہا کہ یہ اقدام سعودی عرب کی جانب سے اسلام کی خدمت اور مسلم ممالک سے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام شاہ سلمان اور ولی عہد و وزیر اعظم محمد بن سلمان کی رہنمائی میں ہر سال قابلِ قدر اور مستحق افراد کو حج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ترتیب دیا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال منتخب عازمین کو حج کی ادائیگی کے لیے مکمل سفری، رہائشی اور دیگر سہولیات فراہم کی جاتی ہیں تاکہ ان کا حج پرسکون اور روحانی طور پر اطمینان بخش ہو۔ یہ تمام انتظامات سعودی وزارتِ اسلامی امور کی زیر نگرانی انجام دیے جاتے ہیں۔سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ یہ پروگرام سعودی وژن 2030 کا حصہ ہے، جس کا مقصد مملکت کو عالمی اسلامی قیادت میں نمایاں مقام دلانا اور انسانی خدمت کے میدان میں اس کا کردار مزید مؤثر بنانا ہے۔

اس موقع پر پاکستانی عازمین نے سعودی حکومت اور قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے سعودی عرب کی عالم اسلام کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے سعودی سفیر نواف المالکی کی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے بتایا کہ رواں برس سعودی عرب نے فلسطین سے بھی تقریباً ایک ہزار عازمینِ حج کو مدعو کیا ہے، جو مملکت کی انسانی اور دینی خدمات کی عکاسی کرتا ہے۔خادمِ حرمین شریفین مہمان پروگرام کا آغاز 1417ھ میں ہوا، جس کے تحت اب تک 140 ممالک سے تقریباً 65,000 عازمین کو حج کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے۔ ان عازمین کو نامزدگی سے لے کر واپسی تک مذہبی، طبی، ثقافتی اور انتظامی سہولیات مہیا کی جاتی ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602146

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں