اقوام متحدہ ۔ 21 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لئے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں اور اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 71 ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں عالمی رہنماﺅں کے ساتھ ملاقاتیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ترک صدر رجب طیب اردوان اور جاپانی وزیراعظم شینزو ایبے کے ساتھ منگل کو ہونے والی ملاقاتوں کے علاوہ وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے ظہرانے میں کئی عالمی رہنماﺅں سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی کیں۔ انہوں نے جنرل اسمبلی ہال میں اقوام متحدہ میں عمومی بحث کی افتتاحی نشست میں شریک بعض رہنماﺅں سے بھی ملاقات کی۔ سالانہ اجلاس میں صدور‘ وزرائے اعظم سمیت کم و بیش 140 اعلیٰ سطح کی شخصیات شرکت کر رہی ہیں۔