اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بدھ کو جمہوریہ بنین کے اپنے ہم منصب اوریلین ایگبنوسی کیساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات ،باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ سمیت مختلف علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، جمہوریہ بنین کو براعظم افریقہ کا اہم ملک گردانتا ہے۔وزیر خارجہ نے پاکستان اور بینن کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان، جمہوریہ بنین کو مختلف شعبوں بالخصوص زراعت، صحت سمیت چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں میں تکنیکی تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور جمہوریہ بینن کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔وزیر خارجہ نے جمہوریہ بینن کی دفاعی ضروریات کی تکمیل کیلئے پاکستان کی دفاعی صنعت سے استفادہ کرنے کی پیشکش کی۔
جمہوریہ بنین کے وزیر خارجہ نے مخدوم شاہ محمود قریشی کی جانب سے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس میں شرکت کی دعوت کو شکریے کے ساتھ قبول کیا اور او آئی سی میں پاکستان کے مثبت اور متحرک کردار کو سراہا۔