خالد حسین مگسی کی اسرائیلی جارحیت کی مذمت ، ایران کے ساتھ اظہار یکجہتی

4

اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے حالیہ اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی امن پر حملہ اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں خالد حسین مگسی نے کہا کہ مظلوموں کی حمایت کرنا ایک سفارتی، اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے ایران کے برادر عوام اور حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور بحران کے وقت ایران کے ساتھ کھڑے رہنے کے پاکستان کے عزم کو دہرایا۔ خالد مگسی نے کہا کہ اسرائیل کی یہ جارحیت محض ایک علاقائی معاملہ نہیں ، یہ بین الاقوامی امن کے لیے سنگین خطرہ اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کا تحفظ صرف الفاظ سے نہیں، بلکہ فیصلہ کن اور مؤثر اقدامات سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے ریاستی خود مختاری کی خلاف ورزی کی بھی مذمت کی اسے عالمی ضوابط اور قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ خالد حسین مگسی نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے اور انصاف و امن کے اصولوں کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کرے۔