کراچی۔ 16 جولائی (اے پی پی):متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بنوں میں دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے حملے میں شہید ہونے والے 8 فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے اہلخانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
اپنے بیان میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ غم کی اِس گھڑی میں شہداء کے اہلخانہ کے دکھ میں ایم کیو ایم کا ایک ایک کارکن برابر کا شریک ہے، شہداء کا ملک و قوم کے دفاع کے لئے دیا گیا نذرانہ رائیگاں نہیں جائے گا، قوم کا ہر فرد اور سکیورٹی فورسز مل کر دہشت گرد عناصر کو کبھی بھی اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے،
ملک دشمن شر پسند عناصر وطن عزیز کے امن کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں مگر پوری قوم دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اپنے سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔