بھکر ۔ 02 جون (اے پی پی):سی ای او محکمہ صحت و آبادی بھکر ڈاکٹر مظہر عباس خان کی خصوصی ہدایت پر خاندانی منصوبہ بندی کی اہمیت، ماں بچے کی صحت، بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفے کی اہمیت، کم عمری کی شادی کی حوصلہ شکنی، بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ، نوزائیدہ بچوں کیلئے ماں کے دودھ کی اہمیت، وسائل اور آبادی میں توازن، شادی سے پہلے مشاورت، بچوں کی تعلیم و تربیت اور بچوں کی تعداد کی بجائے ان کے معیار زندگی کی طرف توجہ دینے کی اہمیت بارے مثبت سماجی رائے عامہ ہموار کرنے کے لیے معاشرے کے بااثر طبقات کو ساتھ ملانےکے سلسلے دفتر محکمہ صحت و آبادی منڈی ٹاون بھکر میں علماء کرام، آئمہ مساجد، خطباء، اساتذہ، این جی اوز کے نمائندگان اور علاقائی مؤثر شخصیات کے لیے آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔
نشست سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر حبیب الرحمن اولکھ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر محمد رمضان اعوان اور تحصیل پاپولیشن ویلفیئر آفیسر شبانہ کوثر نے کہا کہ سماجی رہنما کسی بھی معاشرے میں قابل قبول اور مناسب اقدامات کے نفاذ اور مثبت رائے عامہ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ علماء کرام، خطباء، آئمہ مساجد اور دیگر بااثر شخصیات کو خاندانی منصوبہ بندی، تولیدی صحت، تعلیم اiور معاشی ترقی کے لیے ایک سازگار ماحول بنانے کے لیے بطور خاص اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
بااثر شخصیات کی سماجی حیثیت، رسوخ اور مہارت کو بروئے کار لا کر خاندانی منصوبہ بندی کے حق میں شعور بیدار کرنے اور معاشرے کے رویوں میں مثبت تبدیلی لائ جا سکتی ہے۔علماء کرام جمعہ کے خطبہ سمیت مختلف سماجی پلیٹ فارمز پر خاندانی منصوبہ بندی، ماں بچے کی صحت، تولیدی صحت، شادی سے پہلے مشاورت و دیگر اہم موضوعات پر آگاہی فراہم کریں۔ کمیونٹی کی سطح پر خاندانی منصوبہ بندی کے فوائد کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مقامی اثر و رسوخ رکھنے والوں، کمیونٹی رہنماؤں اور صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے والوں کو حکومتی اقدامات کے ساتھ تعاون کرنے کی ترغیب دی تاکہ لوگوں کے لیے وسیع تر رسائی اور مختلف خدمات کے اختیارات کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ علماء کرام اور دیگر بااثر شخصیات کی شمولیت سے رضاکارانہ خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات کے فروغ میں مدد ملے گی اور اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ لوگوں کو تعلیم،روزگار،رہائش،صحت،تفریح کی سہولیات اور بہتر مستقبل دینا ریاست کی ذمہ داری ہے اور یہ صرف اسی صورت ممکن ہے جب آبادی اور وسائل میں توازن ہو۔آبادی کو ایک خاص حد تک رکھ کر ہی معاشی ترقی کے اہداف کا حصول ممکن ہے۔
صحتمند خاندان خوشحال پاکستان ہماری منزل ہے اور اس منزل کے حصول کیلئے ہمیں آبادی اور وسائل میں توازن رکھنا ہوگا۔ ہم سب ملکر بڑھتی ہوئ آبادی اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل بارے عوام میں آگہی پیدا کریں ۔اس مسئلے سے نبٹنے کیلئے سوسائٹی کے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ آبادی اور وسائل میں توازن پیدا ہو اور ملک معاشی و معاشرتی طور پہ ترقی کی راہ پہ گامزن ہو سکے۔شرکاء سیشن نے محکمہ صحت و آبادی کی آگہی مہم میں بھرپور کردار ادا کرنے کا اعادہ کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=604183