خاندان نبوت ؐ کی میدان کربلا میں دی جانے والی قربانیاں انسانیت کیلئے مشعل راہ ہیں، پیر محمد آصف رضا قادری

94

فیصل آباد۔ 11 فروری (اے پی پی):پاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدر و ممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر محمد آصف رضا قادری نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے ظلم کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیا، خاندان نبوت ؐ کی میدان کربلا میں دی جانے والی قربانیاں انسانیت کیلئے مشعل راہ ہیں، آپ رضی اللہ عنہ نے اپنی جان ، اپنے خاندان اور اصحاب کی قربانی دے کر دین اسلام کو نئی زندگی عطا کی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو شریف پور میں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے یوم ولادت کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی ولادتِ باسعادت تاریخِ اسلام کا وہ مبارک لمحہ ہے جس میں حق، صداقت، جرات، شجاعت، ایثار اور قربانی کی ایک لازوال مثال نے جنم لیا، آپ رضی اللہ عنہ کا کردار ہر دور میں انسانیت کے لیے روشنی کا مینار رہا ہے، حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ نے ساری زندگی دین سے محبت، عدل و انصاف کو فروغ دیا۔ آپ رضی اللہ عنہ کی قربانی نے ثابت کیا کہ باطل کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، حق ہمیشہ غالب رہتا ہے۔حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کا پیغام صرف مسلمانوں کے لیے ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ رضی اللہ عنہ کی تعلیمات صبر، استقامت، اخوت، ایثار اور حریت کی علامت ہیں۔تقریب کے اختتام پر ملکی ترقی،سلامتی و استحکام اور حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی سیرتِ طیبہ پر عمل کرنے اور ان کے پیغام کو اپنانے کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔