خاندان کی منصوبہ بند ی کرتے وقت اپنے وسائل کو مد نظر رکھیں، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان

44

اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ خاندان کی منصوبہ بند ی کرتے وقت اپنے وسائل کو مد نظر رکھیں اور اس چیز میں توازن رکھیں کہ ہم اپنے بچوں کی نشو ونما اور تعلیم و تربیت کیسے کر سکیں گے۔

عالمی یوم آبادی کے سلسلہ میں منائے جانے والے ہفتہ کے حوالے سے جاری اپنے بیان میں وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ اولاد کی خواہش ہر میاں بیوی کا حق ہے لیکن یہ بھی اہم ہے کہ خاندان کی منصوبہ بندی کرتے وقت اپنے وسائل کو مد نظر رکھیں اور اس چیز میں توازن رکھیں کہ ہم اپنے بچوں کی نشو و نما اور تعلیم و تربیت کیسےکر سکیں گے اور اس کو بہترین طور پر کیسے سر انجام دیں گے لہذا اس صورت میں توازن قائم رکھنے کے لئے اس بات پر توجہ دینا بہت اہم ہے کہ ہم اپنے بچوں کو پاکستان کا بہترین شہری بنانے کے لئے کیا سہولیات فراہم کر سکتے ہیں۔

یاد ر ہے کہ وزارت صحت کے زیر اہتمام عالمی یوم آبادی کا ہفتہ 11 سے 15 جولائی تک منایا جا رہا ہے۔