خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کوئٹہ میں نئے ایرانی سال جشن نوروز،23مارچ یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

213
خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کوئٹہ میں نئے ایرانی سال جشن نوروز،23مارچ یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد
خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کوئٹہ میں نئے ایرانی سال جشن نوروز،23مارچ یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

کوئٹہ۔24مارچ (اے پی پی):خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کوئٹہ میںبدھ کے روز ثقافتی و ادبی تقریب نئے ایرانی سال جشن نوروزاور23مارچ یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی کوئٹہ میں متعین ایران کے قونصل جنرل حسن درویش وند اور ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ کوئٹہ سید تقی زادہ واقفی تھے جبکہ جشن نوروز کی تقریب میں پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ادریس تاج، مجلسِ وحدت المسلمین کے رہنما علامہ ہاشم موسوی، جماعت اسلامی بلوچستان کے سابق امیر عبدالمتین اخونزادہ ادبی شخصیات ڈاکٹر رؤف رفیقی، ڈاکٹر کمیل قزلباش،پروفیسر قیوم بیدار،ال انجمن تاجران کے عجب خان ناصر، جمعیت علمائے اسلام کے اقبال خان بازئی ، مفتی سنزر سعید، اسلامی جمعیت طلبہ بلوچستان کے ناظم صابر صالح پانیزئی،سنی سپریم کونسل کے حبیب اللہ شاہ چشتی اورکوئٹہ کے سیاسی و سماجی رہنماؤں اور مذہبی و ادبی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے قونصل جنرل حسن درویش وند اور خانہ فرہنگ کوئٹہ کے ڈائریکٹر جنرل سید حسین تقی زادہ واقفی نے کہا کہ جشن نوروز خوشی،تازگی اور امن کا پیغام لے کر آتی ہیں، موسم بہار کا شمارخداوند کریم کی نعمتوں میں ہوتا ہے، پاک ایران تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہوتے جا رہے ہیں،23مارچ اور جشن نوروز کی تقریب میں تمام طبقات کے لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت خوش آئند امر ہے ۔

تقریب میں مختلف سکولوں اور کالجز کے اساتذہ کرام، طلباءوطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور تقریب میں بہار کی مناسبت سے علامہ اقبال،غالب اور حافظ شیرازی کے اشعار پڑھے گئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ شمسی سال کے آغاز اور بہار کو خوش آمدید کہنے کے لیے نوروز کا تہوار منایا جاتا ہے،عید نوروز افغانستان،پاکستان، ایران اور تاجکستان سمیت وسط ایشیا کے دیگر ممالک میں بھرپور انداز میں منائی جاتی ہیں، خانہ فرہنگ کوئٹہ میں ثقافتی،تعلیمی اور ادبی تقریبات کا دوبارہ احیاءخوش آئند امر ہے جس میں زندگی کے تمام طبقات کے لوگوں کی بڑی تعداد شرکت کرتی ہیں جس سے پاکستان اور ایران کے درمیان قائم دیرینہ تعلقات مذید مستحکم ہو رہے ہیں۔تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں اور طلبہ وطالبات کو یادگاری شیلڈ اور تحائف پیش کیے گئے اور شرکاءکے اعزاز میں عصرانہ دیا گیا۔