خدمات کے شعبہ کی برآمدات میں 8.66 فیصد اضافہ ہوا ، پی بی ایس

51
Pakistan Bureau of Statistics.
Pakistan Bureau of Statistics.

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):خدمات کے شعبہ کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے پہلے 11 ماہ کے دوران 8.66 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے مطابق گزشتہ مالی سال میں جولائی 2024 تا مئی 2025 کے دوران خدمات کا حجم 7.65 ارب ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ جولائی 2023 تا مئی 2024 کے دوران خدمات کے شعبہ کی برآمدات سے 7.04 ارب ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔ اس طرح مالی سال 24-2023 کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال 25-2024 کے ابتدائی 11 ماہ میں خدمات کے شعبے کی برآمدات میں 0.61 ارب ڈالر یعنی 8.66 فیصد بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق مئی 2025 میں خدمات کے شعبہ کی برآمدات 715.45 ملین ڈالر رہی ہیں جبکہ مئی 2024 میں برآمدات کی مالیت 704.39 ملین ڈالر رہی تھی۔ رپورٹ کے مطابق فروری 2024 سے لے کر مئی 2025 کے دوران شعبہ کی برآمدات میں مسلسل اضافہ کا رجحان رہا ہے تاہم اگست 2024 میں برآمدات میں 6.5 فیصد کمی واقع ہوئی تھی۔ واضح رہے کہ روپے کی قدر میں خدمات کے شعبہ کی برآمدات گزشتہ مالی سال میں 6.94 فیصد کے اضافہ سے 1.995 ٹریلین روپے کے مقابلہ میں 2.134 ٹریلین روپے رہی ہیں ۔

دوسری جانب ٹیلی کمیونیکیشن ، کمپیوٹر اور انفارمیشن سروسز وغیرہ کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے 11 ماہ میں 18.62 فیصد کی بڑھوتری سے 2.926 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 3.471 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ متفرق خدمات کی برآمدات میں بھی 24.89 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی بی ایس کے مطابق مالی سال 24-2023 کے دوران گزشتہ مالی سال 23-2022 کے مقابلہ میں خدمات کے شعبہ کی برآمدات میں 2.77 فیصد اضافہ ہوا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال 25-2024 کے ابتدائی 11 مہینوں میں خدمات کے شعبے کی درآمدات 6.62 فیصد کی بڑھوتری سے 9.676 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 10.317 ارب ڈالر تک بڑھی ہیں تاہم مئی 2024 کے مقابلہ میں مئی 2025 کے دوران درآمدات میں 5.07 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور درآمدات کا حجم 935.45 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 888 ملین ڈالر تک کم ہوا ہے۔ خدمات کے شعبہ کی درآمدات میں اضافہ کے بنیادی اسباب میں ٹرانسپورٹ اور سفری خدمات وغیرہ کی درآمدات میں ہونے والا اضافہ شامل ہے۔