خدمات کے شعبے میں ملکی تجارت کا حجم 2023 میں 540 ارب ریال تک پہنچ گیا، سعودی وزیر ماجد الکسابی

114
Saudi Minister Majid Al Kasabi
Saudi Minister Majid Al Kasabi

ڈیووس۔23جنوری (اے پی پی):سعودی عرب کے خدمات کے شعبے میں تجارت کا حجم 2023 میں سالانہ 7 فیصد اضافے کے ساتھ 540 ارب ریال تک پہنچ گیا۔ سعودی عرب کے وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد الکسابی نے ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم میں خدمات کی تجارت پر ایک سیشن کے دوران اس شعبے کی عالمی اہمیت پر روشنی ڈالی جو کہ دنیا کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کا تقریباً 65 فیصد، غیر ملکی سرمایہ کاری کا 60 فیصد اور دنیا بھر میں سب سے زیادہ ملازمتیں فراہم کرنے والا شعبہ ہے جس سے خاص طور پر خواتین کو فائدہ پہنچاہے۔

انہوں نے خدمات کے شعبے میں ریگولیٹری اور طریقہ کار کی رکاوٹوں کو کم کرنے کے لئے عالمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان نظاموں کو آسان بنانے سے مسابقت میں اضافہ اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں ( ایس ایم ایز) پر بوجھ کم ہوگا،

اس طرح ان کی اقتصادی شراکت بھی بڑھے گی ۔ڈاکٹر الکسابی نے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں سعودی عرب کی نمایاں سرمایہ کاری کا خاکہ پیش کیا اور بتایا کہ اس شعبے میں 93.7 بلین ریال کی سرمایہ کاری کی جا چکی ہے اور مستقبل کے منصوبوں کے لئے مختص کردہ اضافی 75 بلین ریال اس کے علاوہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کا مقصد ڈیجیٹل تبدیلی کی سپورٹ ، کاروبار میں اضافہ اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔ ا ن کا کہنا تھا کہ مملکت نے بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ شراکت داری کی ہے تاکہ ایسی قانون سازی کا فریم ورک قائم کیا جا سکے جو سرمایہ کاری کو تحفظ فراہم ، انسانی وسائل کی ترقی اور ہنر مند کو راغب کرے۔