اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں حکومت پھولوں کی سیج نہیں ، کانٹوں کا بستر ہے، سیاست میں اختلافات نظریے سے ہوتا ہے اسے ذاتی دشمنی میں تبدیل نہیں کرنا چاہئے، عوام کی خدمت کا مشن لے کر حکومت قبول کی ہے،اس وقت ملک کی تمام لیڈر شپ میچور ہے، سب سے درخواست ہے کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے مفاہمت کو فروغ دیں،آئندہ 5سال میں اسلام آباد کی شکل تبدیل کر دیں گے،بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کریں گے۔
گزشتہ روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ڈیجیٹل صحت آسان کارڈ کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام بزنس کمیونٹی کیلئے پرائیویٹ سطح پر صحت کارڈ لانا صدر آئی سی سی آئی کی بڑی کامیابی ہے، گزشتہ 30 سالوں سے اسلام آباد کی آبادی تو کئی گنا بڑھی لیکن نئے ہسپتال نہیں بن سکے،اسلام آباد میں پمز کی طرح کے کم سے کم مزید تین ہسپتال قائم کئے جانے چاہئیں، آئندہ پانچ سالوں میں اسلام آباد کے صحت کے نظام کو مکمل تبدیل کریں گے،
اسلام آباد چیمبر شہر کا بڑ اسٹیک ہولڈر ہے،مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کی تشکیل مرحلہ وار کی جا رہی ہے، جب اللہ پاک کی منظوری اور پارٹی قیادت کا فیصلہ ہوا تو کابینہ کا حصہ ہوں گا، بدقسمتی سے جس طرح مہنگائی میں اضافہ ہوا اس کے مقابلے میں تنخواہوں میں اس طرح اضافہ نہیں ہوا ، حکومت کو چیلنجز کا سامنا ہے،ملک میں مہنگائی، بے روزگاری، توانائی، امن و امان کے بڑے چیلنجز ہیں، جن پر حکومت کا خصوصی فوکس ہو گا،ملک میں معاشی استحکام سیاسی استحکام سے جڑا ہے، ملک کیلئے تمام جماعتوں کو ایک ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں کہ بزنس کمیونٹی کے تمام مسائل کے حل کیلئے بھرپور کردار ادا کروں گا،آئندہ پانچ سالوں میں اسلام آباد کا نقشہ تبدیل کر دیں گے، احسن بختاوری کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر کا کردار اس وقت تمام چیمبرز میں نمایاں ہے جبکہ ظفر بختاوری کی اسلام آباد کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر اسلام آباد چیمبر احسن بختاوری نے کہا کہ آسان صحت کارڈ بزنس کمیونٹی کیلئے خواب تھا جسے پورا کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں،ڈیجیٹل صحت کارڈ سے اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی کو صحت کی بہتر سہولیات حاصل ہوں گی، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اپنا ایک میڈیکل سنٹر قائم کرنا چاہتا ہے،خواہش ہے کہ کراچی اور دیگر چیمبرز کی طرح اسلام آباد چیمبر اپنا ایک ہسپتال قائم کرے،اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے،
ہسپتال اور میڈیکل سنٹر کے قیام کیلئے پلاٹ کی فراہمی کیلئے سی ڈی اے سے بات کریں گے،نئی حکومت بن چکی ہے، اسلام آباد کی مارکیٹس میں ترقیاتی کاموں کیلئے حکومت اور متعلقہ اداروں کا تعاون درکار ہے،فا ئونڈر گروپ نے تاجروں سے جتنے واعدے کئے تھے وہ پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میثاق معیشت کیلئے میثاق مفاہمت ناگزیر ہے،نئی حکومت ملک میں معاشی اور سیاسی استحکام کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کرے گی۔ سینئر نائب صدر آئی سی سی آئی نے کہاکہ اسلام آباد چیمبر آنے پر طارق فضل چوہدری کے مشکور ہیں،صحت آسان کارڈ اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی کیلئے ایک انقلاب ہے۔سی ڈی اے کا چیئرمین اسلام آباد سے ہونا چاہیے، وہی شہر کے مسائل کو بہتر سمجھ سکتا ہے،پمز ہسپتال کی حالت زار پر دکھ ہے، پمز ہسپتال کے بورڈ میں چیمبر کو شامل کیا جا ئے تو بہتر انداز میں چلا سکتے ہیں۔
سی ای او میڈسول ہیلتھ کمپنی علی اقبال نے کہا کہ اسلام آباد کے ہر مرکز اور مارکیٹ میں میڈیکل کیمپ لگائیں گے،پورے پاکستان سے 120 سے زائد ہسپتال میڈسول کے پینل پر ہیں،بزنس کمیونٹی کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے مکمل تیار ہیں۔ چیئر مین فائونڈر گروپ خالد اقبال ملک نے کہا کہ آسان صحت کارڈ لانے کا سہرا صدر آئی سی سی آئی احسن بختاوری اور کنوینئر رکمیٹی عبد الرحمان صدیقی کے سر ہے۔آسان صحت کارڈ سے صرف چیمبر کے ممبران ہی نہیں بلکہ پورے اسلام آباد کے تمام چھوٹے بڑے تاجر مستفید ہوں گے۔
عبد الرحمان صدیقی میڈیکل سنٹر کے قیام کو عملی جامعہ پہنائیں ، ہم انکا ساتھ دینگے۔آئی سی سی آئی کا ایک بھی پیسہ کسی غلط جگہ استعمال نہیں ہو رہا۔ تقریب سے سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سے درخواست ہے کہ اسلام آباد کے نمائندوں کو وفاقی کابینہ میں شامل کیا جائے،وزیراعظم سے درخواست ہے کہ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کو وفاقی کابینہ میں شامل کیا جائے،اسلام آباد کے نمائندوں کو وفاقی کابینہ میں شامل نہیں کیا جائے گا تو شہر اقتدار کے مسائل حل نہیں ہونگے۔آسان صحت کارڈ سے تمام چھوٹے بڑے بزنسز کے تمام ملازمین کو بھی صحت کی رعایتی سہولیات ملیں گی،مفاہمت کے بغیر کوئی معاشرے آگے نہیں بڑھ سکتا ، اگر ہم نے معاشی بہتری لانی ہے تو ہمیں مفاہمت اور رواداری کی سیاست کو فروغ دینا ہو گا۔
امید ہے صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیں گے۔تقریب سے خطاب میں صدر انجمن تاجران پاکستان اجمل بلوچ نے کہا کہ صدر اسلام آباد چیمبر احسن بختاوری نے اپنے دور میں بزنس کمیونٹی کیلئے جو کام کئے وہ تاریخ میں کبھی نہیں ہوئے۔احسن بختاوری اپنی جیب سے پیسے لگا کر بزنس کمیونٹی کے کام کر رہے ہیں۔احسن بختاوری اسلام آباد کے تاجروں کیلئے ہسپتال اور سکول کا قیام بھی عمل میں لائیں، مسائل کا حل موجود ہے، ہم سب کو مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔