خرم شہزاد کو پاکستان سپورٹس بورڈ کا ترجمان مقرر کر دیا گیا

12
Khurram Shahzad
Khurram Shahzad

اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) محمد یاسر پیر زادہ نے خرم شہزاد کو پی ایس بی کا ترجمان مقرر کر دیاہے۔ وہ اپنی موجودہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ ترجمان کے فرائض بھی انجام دیں گے۔ اس ضمن میں باقاعدہ آفس آرڈر جاری کر دیا گیا ہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق خرم شہزاد اس وقت پاکستان سپورٹس بورڈ میں پبلیکیشن آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

انہیں میڈیا سے سرکاری طور پر روابط، پریس ریلیز کے اجرا، پبلک ریلیشنز سے متعلق امور کی نگرانی اور متعلقہ فورمز پر بورڈ کی نمائندگی کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔واضح رہے کہ خرم شہزاد سینئر صحافی مرحوم جاوید شہزاد کے چھوٹے بھائی ہیں۔ خرم شہزاد صحافت اور پبلک ریلیشنز کے شعبے میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ 2007 سے قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) سے وابستہ ہیں اور مختلف وفاقی وزراء کی میڈیا ٹیموں کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔