اسلام آباد ۔23فروری(اے پی پی) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے خسارہ کم کرنے کے لئے نیم جان سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہیں،خسارہ میں چلنے والے سرکاری اداروں کی فوری فروخت کرنا ملکی مفاد میں ہے،نجکاری میں مشکلات ہوں تو ان اداروں کو بند کر دیا جائے۔ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نقصان میں چلنے والے سرکاری اداروں کے نقصانات کھربوں روپے تک جا پہنچے ہیں جبکہ 2017-18 ءمیں صرف واپڈا اور پی آئی اے کو زندہ رکھنے کے لئے حکومت کو 277 ارب روپے خرچ کرنا پڑے ہیں۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا کہ اٹھارہ ہزار ملازمین پر مشتمل ادارے پی آئی اے کا ماہانہ نقصان تیس ملین ڈالر اور کل قرضہ دو ارب ڈالر سے زیادہ ہے،سٹیل مل بھی دو سال سے بند پڑی ہے مگر اسکے ہزاروں ملازمین کو تنخواہیں باقائدگی سے ادا کی جا رہی ہیں،توانائی کے شعبے اورریلوے سمیت 197 مفلوج اداروں کا حال توجہ طلب ہے جس کے نقصانات کا سلسلہ ختم ہونے میں نہیں آ رہا۔انہوں نے کہا کہ نقصانات کے باوجود سرکاری اداروں کی تعداد، ان کے ملازمین کی تعداد اور انتظامیہ کے حجم میں اضافہ حیران کن ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی وسائل کو دیمک کی طرح چاٹنے والے ان اداروں کو زندہ رکھنے سے نہ تو عوام کو کوئی فائدہ ہے اور نہ ہی ٹیکس گزار وں کو ۔انہوں نے کہا کہ نقصان میں چلنے والے اداروں کی بحالی کے منصوبہ پر تیز تر عمل کی ضرورت ہے اگر ان کی کارکردگی بہتر نہ ہو تو ان اداروں کی نجکاری سے سالانہ اربوں روپے کہ بچت کی جا سکتی ہے۔