خشک سردی سے جانوروں میں بیماری پھیلنے کے خدشات بھی بڑھ جاتے ہیں ،ڈاکٹر محمد تنویر

167

سیالکوٹ۔29نومبر (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سیالکوٹ ڈاکٹر محمد تنویر نے کہا ہے کہ خشک سردی کی وجہ سے بڑے اور چھوٹے جانوروں میں گل گھوٹو، منہ کھر اور انتڑیوں کی بیماری پھیلنے کے خدشات بھی بڑھ جاتے ہیں کیونکہ جس طرح خشک سردی انسانوں کو متاثر کرتی ہے اسی طرح جانور بھی اس سے متاثر ہو تے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ لائیوسٹاک فارمرز اس سلسلہ میں کسی غفلت کا مظاہر ہ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ اگر جانوروں میں کسی قسم کی بیماری کی علامات ظاہر ہو ں تو فوری طور پر قریبی ویٹرنری ہسپتال یا ڈسپنسری میں موجود لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کے متعلقہ عملہ سے رابطہ کیا جائے تاکہ جانوروں اور مویشیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرکے مر ض کی علامات کو ختم کرنے اور کسی پیچیدگی سے بچانے میں مدد مل سکے۔