لاہور۔ 06 دسمبر (اے پی پی):صحت عامہ کے ماہر ڈاکٹر انچارج تحصیل ہیڈکواٹر سمبڑیال ایم ایس جاوید ساہی نے کہا ہے کہ حالیہ خشک سردی کے موسم میں پیدا ہونے والی بیماریوں سے محتاط رہیں، بزرگوں اور بچوں کو صحت کے ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھیں۔
انہوں نے جمعہ کو اپنےبیان میں کہا کہ بارش نہ ہونے کی وجہ سے خشک سردی کی وجہ سے پیدا ہونے والی بیماریوں نزلہ ،زکام ،کھانسی اور بخار کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔انہوں نے خاص طور پر تھکاوٹ، سستی، غیر معمولی حرکات اور سانس لینے میں دشواری جیسی علامات پر نظر رکھنے کا مشورہ دیا جو کسی سنگین صورتحال کی نشاندہی کر سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خشک سردی کے موسم میں اپنے پیاروں کو محفوظ اور صحت مند رکھنے کے لیے اقدامات کریں اور ضرورت سے زیادہ باہر نکلنے سےگریزکریں اور باہر نکلتے وقت ماسک کااستعمال لازمی کریں۔ انہوں نے کہا کہ بیماری کی جلد تشخیص اور بروقت علاج طویل مدتی نقصان کو روکنے یا جان بچانے میں اہم کردار کے حامل ہیں۔ ڈاکٹر جاویدساہی نے کہا کہ اس موسم میں پیدا ہونے والی بیماریاں جو بڑوں اور بچوں کے مدافعتی نظام کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ طبیعت خراب ہونے کی صورت میں فوری طور قریبی ماہر ڈاکٹر سے رابطہ کریں اور بروقت علاج کروائیں۔